پشاور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کے نامور ٹیسٹ کرکٹر محمد رضوان نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں نہ صرف کرکٹرز ہی نہیں بلکہ تمام پاکستانی چین کے ساتھ ہیں اور انہیں اپنے چینی بہن بھائیوں سے دلی ہمدردی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈٖو کے دورے کے موقع پر کیا۔ ٹیسٹ کرکٹر افتخار احمد، انٹرنیشنل کرکٹر رفعت اللہ مہمند، پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے عادل امین، ملتان سلطانز کے محمد الیاس بھی شمع کرکٹ کلب کے کپتان، پشاور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری سید حنیف شاہ اور پمز ایجوکیشن سسٹم کے انور خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ محمد رضوان نے کہا کہ چین میں کرونا وائرس کی وجہ سے چینی بہنوں اور بھائیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور پاکستان اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ ہے۔ محمدرضوان نے مزید کہا کہ وہ اپنے برادر ملک چین کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور جس مدد کی انہیں ضرورت ہو اس کے لئے وہ حاضر ہیں انہوں نے چینی عوام کو بھی ہمت ہارنے کی بجائے اس صورت حال کا بھرپور مقابلہ کرنا ہوگا۔ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے افتخار احمد نے بھی انہی جذبات و احساسات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور اس مشکل صورتحال میں وہ بھی چین کی ہر ممکن مدد کے لئے تیار ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹر رفعت اللہ مہمند اور نوجوان کرکٹرز عادل امن اور محمد الیاس نے بھی پاکستانی کرکٹرز کی جانب سے چینی عوام کو ہر ممکن مدد اور تعاون کا یقین دلایا اور دعا کی کہ چینی عوام جلد سے جلد اس مشکل حالت سے باہر نکل آئیں۔
![]()