کوالالمپور (رپورٹ: عامر وقاص چوہدری) پاکستان ہائی کمیشن ملائشیا کی جانب یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کلب دارالاحسان امپنگ جایا سیلنگور میں منعقد کیا گیا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قران پاک سے ہوا۔ جس کے بعد پاکستان اور ملائشیا کے قومی ترانے کی دھن بجائی گئی جس کے بعد کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے 1 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ بعد ازاں حاضرین کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے انسانی حقوق کی پامالی پر بھارتی مظالم پر مبنی 8 منٹ کی ڈاکومنٹری فلم دکھائی گئی۔ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے سفارتکار میاں عاطف شریف اور غلام حیدر نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کا یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر خصوصی پیغامات پڑھ سناۓ۔ تقریب میں ملائشیا کے ممبر پارلیمینٹ داتو سری حسام الدین، معروف اسلامک اسکالر مھتیم ملائشیا کے چیئرمین حاجی محمد اعظمی عبدلحمید، پروفیسر روحاناس ہارون، ملائشیا کاشغر تنظیم کے صدر صہیب قمر الدین نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ مقرین کے کہنا تھا کہ انسانی حقوق کے اداروں کی رپورٹ سے یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں انسانی جانیں مودی کے لاک ڈاؤن میں قید ہوچکی ہیں۔ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ملائشیا میں رہنے والے مسلم اور غیر مسلموں کو یہ بات سمجائیں کہ حقیقت میں کشمیر میں قابض بھارت کس طرح وہاں پر مظالم ڈھا رہا ہے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوۓ ملائشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد نے مطالبہ کیا تھا کہ وہ بھارت کو مجبور کرے کہ وہ کشمیروں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود اداریت دے، مقرین نے مسلم امّہ اور اقوام متحدہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوۓ کہا کہ 80 لاکھ انسان پچھلے 6 ماہ سے لاک ڈاؤن میں ہیں اور اقوام عالم خواب خرگوش میں سو رہی ہے عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو ان کا حق خود اداریت دلوانے کے لئے آواز کو بلند کرنا ہوگا۔ اب وہ وقت آگیا ہے کہ لوگ مقبوضہ کشمیر کے بیٹوں اور بیٹیوں کے حق کے لئے اٹھ کھڑے ہوں۔ تقریب میں ملائشیا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کے آخر میں پاکستانی ہائی کیمشن ملائیشیا کی ہائی کمشنر آمنہ بلوچ نے یوم کشمیر پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے آنے والے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
![]()