ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) ریجنل پولیس آفس ڈیرہ اسماعیل خان میں آر پی او فلائیٹ لیفٹیننٹ (ر) سید محمد امتیاز شاہ کی صدارت میں اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں ضلعی پولیس سربراہ ڈیرہ کیپٹن (ر) حافظ واحد محمود، ضلعی پولیس سربراہ ٹانک عارف خان، ضلعی پولیس سربراہ ساؤتھ وزیرستان شوکت علی، ایس پی تفتیش ڈیرہ و ٹانک اور تینوں اضلاع کے تمام سرکل ایس ڈی پی اوز، ،ایس ایچ اوز، تمام تھانہ جات کے تفتیشی عملہ و ٹریفک انچارج نے شرکت کی۔ ریجنل پولیس آفیسرڈیرہ فلائیٹ لیفٹیننٹ (ر) سید محمد امتیاز شاہ نے ماہ نومبر، دسمبر 2019 و جنوری 2020 کے کرائم کا جائزہ لیا اور اس حوالے سے تینوں اضلاع کے ضلعی پولیس سربراہان نے ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا جس پر آر پی اوڈیرہ نے تینوں اضلاع کے پولیس سربراہان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام تھانہ جات میں ایس ایچ اوز کی تعیناتی میرٹ کی بنیاد پر کی جائے اور تمام ایس ایچ اوز اپنے اختیارات کا ایمانداری اور جرّات مندی کے ساتھ استعمال کرتے ہوئے تھانہ جات کو عدل کا نمونہ بنائیں، تھانہ میں آنے والے سائلین کے ساتھ عزت سے پیش آئیں اپنے دروازے عام عوام کے لیے ہر وقت کھلے رکھیں اس کے ساتھ ساتھ شریف شہریوں کو بلا وجہ تنگ نہ کریں اسی طرح اپنی حفاظت کے لیے لائسنس دار اسلحہ رکھنے والے افراد کو ہر گز پریشان نہ کیا جائے اور بلاجواز یا ناجائز چھاپہ زنی سے مکمل گریز کیا جائے، ضلعی پولیس سربراہ ساؤتھ وزستان کو ہدایات دیں کہ اپنے ضلع میں ہر قسم کی غیر قانونی نقل و حرکت کے حوالے سے اپنی طرف سے ایک منظم پلان ترتیب دے کر اس پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور گاڑیوں و غیر قانونی اشیا کی سمگلنگ کی مکمل روک تھام کے لیے بہتر حکمت عملی اپنائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ تینوں اضلاع میں جاری سود کے کاروبار کے خلاف مکمل کاروائی عمل میں لائی جائے اور سودی کاروبار میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات کا اندارج عمل میں لایا جائے۔ مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ نے کہا کہ تینوں اضلاع کے کسی بھی تھانہ سے منشیات فروشی کی شکایات موصول نہیں ہونی چاہیں خاص طور پر آئس نشہ کے حوالے سے کریک ڈاؤن کیا جائے۔ غیر قانونی پیٹرول و ڈیزل ایجنسیوں کے خلاف بھی بھرپور قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ آر پی او ڈیرہ نے تمام ایس ڈی پی اوز کو ہدایات دی کہ اپنے سرکل میں ایس ایچ اوز کے ساتھ مل کر قمار بازی، قبا خانوں، سود خوروں، پی اوز اور ہر قسم کے جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھر پور کاروائی عمل میں لائیں اور اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں۔ اجلاس کے آخر میں ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ رینج فلائیٹ لیفٹیننٹ (ر) سید محمد امتیاز شاہ نے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز اور ٹریفک انچارج ڈیرہ و ٹانک کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک کے نظام میں بہتری لائیں اور ٹریفک کی روانی کو موثر کریں اور شہر میں کالے شیشے والی گاڑیوں، بلا نمبر موٹر سائیکل، دوسرے اضلاع کی رجسٹرڈ چنگ چی رکشہ، پریشر ہارن اور ون ویلنگ کرنے والے نوجوانوں کے خلاف بھر پور کاروائی کریں۔
![]()