کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کراچی جناح ٹرمینل پر سول ایوی ایشن انتظامیہ نے خاتون مسافر کا کاؤنٹر پر رہ جانے والا لاکھوں روپے مالیت کا سونا واپس لوٹا دیا۔ ذرائع کے مطابق پیر کی دوپہر کراچی سے دبئی جانے والی خلیجی ملک کی پرواز کی خاتون مسافر عائشہ اعجاز 20 لاکھ روپے مالیت کا سونا پرواز پر جانے سے قبل ائر لائن کاؤنٹر پر بھول گئی تھی۔ کاونٹر پر رکھا بیگ بعد ازاں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اہل کاروں کی نظر میں آگیا جس کی تلاشی کے دوران سونے کے قیمتی زیوارت برآمد ہوئے۔ سونے سے بھرا بیگ ملنے کے واقعے سے جناح ٹرمینل پر قائم مختلف اداروں کے جوائنٹ سرچ بیگیج کاؤنٹر کی مبینہ غفلت سامنے آگئی۔ عائشہ نامی خاتون مسافر لاکھوں مالیت کا سونا مبینہ طور پر بغیر تلاشی کے ائرپورٹ کے اندر لے گئی تھیں، قوانین کے مطابق پروازوں پر جانے والے مسافر ایک مقررہ حد تک سونا اپنے ہمراہ لے جاسکتے ہیں، بھاری مالیت کے زیورات پروازوں پر لے جانے کی اجازت نہیں، سول ایوی ایشن انتظامیہ نے کاؤنٹر پر ملنے والا سونا خاتون مسافر کے عزیز و اقارب کو واپس لوٹا دیا۔
![]()