اسلام آباد (بیورو رپورٹ) قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ انہوں نے اسلام آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں نے حق خود ارادیت کیلئے گراں قدر قربانیاں دی ہیں۔ سپیکر نے کہا کہ مودی حکومت نے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق غصب کر رکھے ہیں اور مقبوضہ کشمیر میں ادویات اور اشیائے خورد و نوش کی قلت ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امور کشمیر کے وزیر علی امین خان گنڈا پور نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں تعینات نو لاکھ بھارتی فوج نے نہتے کشمیریوں کے خلاف ظلم و ستم کا بازار گرم کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں تمام عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کررہا ہے۔ اس موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک واک کا اہتمام بھی کیا گیا۔
![]()