کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) محکمہ اسپورٹس نے سندھ گیمز 2020 کی پلاننگ شروع کردی، پہلی بار سندھ گیمز پورے سندھ میں کرانے پر غور، گیمز میں حصہ لیئے کے خواہش مند کھلاڑیوں اور ایسوسی ایشنز کے لیئے پروفارمہ جاری کردیئے۔ سندھ گیمز کے نام سے ویب سائیٹ بھی بنالی، وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے کھیل بنگل خان مہر سے مشاورت کے بعد محکمہ اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز سندھ کے سیکریٹری سید امتیاز علی شاہ نے ثقافتی کھیل ملھ کے پہلوانوں کی رجسٹریشن کے بعد ایک اور بڑا اور بنیادی کام شروع کرنے کی ہدایت کردی، آنے والے سندھ گیمز کا انعقاد پورے سندھ میں کرانے پر غور شروع کردیا، اس سلسلے میں محکمے نے اپنی ویب سائیٹ
www.sportsandyouth.sindh.gov.pk
کو فعال کردیا ہے جبکہ سندھ گیمز کے لیئے ایک ویب سائیٹ
www.sindhgames.com
بھی جاری کردی ہے، جس پر فوری طور دو اقسام کے شرکتی فارم بھی آن لائن رکھ دیئے گئے ہیں، جہاں کھلاڑی اور اسپورٹس آرگنائزیشن اپنے کوائف پُر کر سکیں گی۔ سندھ گیمز کو مکمل شفاف اور غیرجانبدار بنانے کے لیئے اپلائے کرنے والے کھلاڑیوں کے اوپن ٹرائلز کرائے جائیں گے، اور کامیاب کھلاڑی سندھ گیمز میں حصہ لینے کے اہل ہونگے۔ محکمہ اسپورٹس کے سیکریٹری سید امتیاز علی شاہ کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ ہم سندھ کے نوجوانوں کو اپنا ٹیلنٹ دکھانے کا بھرپور موقع فراہم کرنا چاہتے ہیں، آنے والے سندھ گیمز کو ہم مثالی بنائیں گے اور ان کا انعقاد پورے صوبے میں کرائیں گے۔ اس سلسلے میں بہت جلد ایک اعلی سطحی میٹنگ بھی کی جائے گی جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز ساتھ بیٹھ کر اپنی آراء دینگے۔ انکا کہنا تھا کہ ماضی سے بہت کچھ دیکھا ہے اب عمل کرنے کا وقت ہے اور سندھ کے عوام کی منشاء کے مطابق کھیلوں کی سرگرمیوں کو نچلی سطح سے عالمی معیار تک لے جانے کا عزم کر رکھا ہے۔
![]()