میرپورخاص (رپورٹ: ایم ہاشم شر) مرکزی انجمن تاجران رجسٹرڈ (6483) میرپورخاص کے عہدیداران صدر عبدالجبار خان، سینئر نائب صدر حاجی فقیر محمد میمن، محبوب الٰہی کھوکھر اور اکرام قریشی پر مشتمل ایک وفد نے ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ آفس کا دورہ کیا اور نگراں ڈسٹرکٹ انچارج خوشی محمد مغل، جوائنٹ انچارجز آفاق احمد خان، خالد تبسم، سلیم میمن و اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی کو ہار پہنائے۔ اس موقع پر خوشی محمد مغل و اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی نے وفد کا شکریہ ادا کیا اور تاجر برادری کو ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص کی تاجر برادری کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور انہیں درپیش مسائل کے حل کے لئے ہر سطح پر آواز بلند کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری سے باقاعدہ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور مسائل کے حل کے لئے قابل قدر تجاویز لی جائیں گی۔ وفد نے کہا کہ سانحہ تیز گام کے لاپتہ مسافروں کی تلاش اور متاثرہ خاندانوں کو ملازمت فراہم کرنے کے لئے حق پرست قیادت کی جانب سے قومی اسمبلی میں آواز بلند کرنا قابل ستائش عمل ہے۔ انہوں نے حیدرآباد میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے جنرل مینیجر اور حیسکو چیف سے متحدہ قیادت کی ملاقات کے دوران میرپورخاص میں گیس و بجلی کی بندش سمیت دیگر مسائل کے حل کے لئے بھرپور انداز میں عوامی موقف پیش کرنے پر متحدہ قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔
![]()