ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) سرکاری اور نجی اسکولوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹ نہ ہونے سے بچے آلودہ پانی پینے پر مجبور، والدین کا ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان سے نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق ضلع بھر کے سینکڑوں سرکاری و نجی اسکولوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹ نہ ہونے کی وجہ سے اسکولوں کے طلباء و طالبات آلودہ پانی پینے سے بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ آلودہ پانی پینے سے بچے پیٹ، معدہ، جگر کے عارضے میں مبتلا ہو رہے ہیں، زیر زمین انتہائی مضر صحت پانی پینے سے طلباء و طالبات کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، سرکاری اور نجی سکولوں کی پانی والی ٹینکیاں کئی کئی سالوں سے صفائی نہ ہونے کے باعث غلاظت سے اٹی پڑیں ہیں، دوسری جانب متعدد نجی و سرکاری سکولوں کی پانی والی ٹینکیوں کے ڈھکن نہ ہونے سے ان میں حشرات، کیڑے مکوڑوں سمیت گندگی کی موجودگی سے بیماریاں پھیل رہی ہیں، جن اسکولوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کئے گئے ان کو کئی کئی ماہ تبدیل ہی نہیں کیا جاتا محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام کے ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ اور تحصیل انتظامیہ نے آج تک اس حساس مسئلے کی جانب کوئی توجہ نہیں دی۔ شہری سماجی، رفاعی، فلاحی، مذہبی کارروباری تنظیموں کے عمائدین نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان سے مطالبہ کیا ہے کہ نونہالوں کے ساتھ پیش آنے والے اس گھبیر مسئلے پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ معصوم بچے بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔
![]()