لاہور (سپورٹس ڈیسک) بنگلہ دیش میں جاری اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں پاکستان نے اومان کو 147 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ پاکستان کی یہ ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی ہے۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 319 رنز بنائے۔ اوپنر حیدر علی نے سنچری اسکور کی۔ روحیل نذیر اور خوشدل شاہ نے نصف سنچریاں بنائیں۔ ہدف کے تعاقب میں اومان کی پوری ٹیم 172 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ خوشدل شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق کاکس بازار بنگلہ دیش میں کھیلے گئے میچ میں اومان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ عمیر بن یوسف اور حیدر علی پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے پاکستان کو 67 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ عمیر بن یوسف 33 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد اوپنر حیدر علی اور کپتان روحیل نذیر کےدرمیان دوسری وکٹ کے لیے ١٠٧ رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ حیدر علی نے 118 اور روحیل نذیر 64 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اوپنر کی اننگز میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ اختتامی اوورز میں مڈل آرڈر بیٹسمین خوشدل شاہ نے دھواں دھار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 24 گیندوں پر 5 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 54 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ انہوں نے اننگز کی آخری 10 گیندوں پر 40 رنز بنائے۔ قومی ایمرجنگ ٹیم نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 319 رنز بنائے۔ اومان کی جانب سے فیاض بٹ اور محمد ندیم نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ 320 رنز کے تعاقب میں اومان کی بیٹنگ لائن اپ اننگز کے آغاز میں ہی مشکلات کا شکار ہوگئی۔ محمد حسنین اور ثمین گل کی نپی تلی باؤلنگ کی بدولت اومان کے ابتدائی 4 بلے باز محض 15 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے۔ پانچویں وکٹ کے لیے محمد ندیم اور سندیپ نے پاکستان ایمرجنگ ٹیم کے باؤلرز کے سامنے کچھ مزاحمت کی تاہم وہ بھی 67 رنز کی شراکت کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔ محمد ندیم 46 اورسندیپ 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہوتے ہی اومان کی بیٹنگ لائن اپ ایک بار پھر لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم 48 ویں اوور میں 172 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ خوشدل شاہ نے 27 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ثمین گل، محمد محسن اور محمد حسنین نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ ایونٹ میں مسلسل 3 کامیابیوں کے باعث قومی ایمرجنگ ٹیم نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
![]()