ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) آٹا کا سرکاری ریٹ مقرر کرنے کے باوجود ضلعی انتظامیہ، محکمہ فوڈ ڈیرہ اسماعیل خان کی ملی بھگت سے آٹا بحران شدت اختیار کر گیا، کنٹرول ریٹ پر آٹا کہیں پر دستیاب نہیں، فلوز ملز سے آٹا من پسند ڈیلروں کو دیا جانے لگا، آٹے کی بلیک پر فروخت جاری، غریب طبقہ مہنگے داموں آٹا خریدنے پر مجبور، شہریوں کا شدید احتجاج، آٹا من پسند ڈیلروں کی بجائے دکانداروں کو فراہم کرنے کا مطالبہ۔ پی ٹی آئی حکومت تبدیلی سرکار کی نااہلی کے باعث ڈیرہ اسماعیل خان میں بیس کلو گرام آٹے کا تھیلہ گیارہ سو روپے سے بھی تجاوز کر گیا، شہریوں کی جانب سے احتجاج کے باعث ضلعی انتظامیہ ڈیرہ حرکت میں آئی اور محکمہ فوڈ کے ذریعے سرکای ریٹ پر گندم فلوز ملز کو دے کر انہی کے ذریعے آ ٹا 800 روپے میں بیس کلو کا تھیلہ من پسند ڈیلرز کو سپلائی کیا جانے لگا۔ تمام ڈیلرز نے محکمہ فوڈ ڈیرہ کے حکام کی ملی بھگت سے آٹا سٹاک کر کے مصنوعی مہنگائی کو قائم کر رکھا ہوا ہے اور کسی غریب شہری کو آٹا 800 روپے کا فی تھیلہ شہر میں کہیں پر بھی دستیاب نہیں ہے جس سے شہر میں آٹے کا سخت بحران پیدا ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ شہریوں کا حکومت کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کہنا ہے کہ غریب سے دو وقت کی روٹی بھی چھینی جارہی ہے، حکومتی اقدامات کے باوجود شہر بھر میں مہنگائی کا طوفان برقرار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل پالیسی کے مطابق فلور ملز مالکان کی جانب سے آٹا محکمہ فوڈ ڈیرہ کو سپلائی کیا جاتا تھا جس سے محکمہ فوڈ ڈیرہ ہر گلی محلہ کے دکاندار کو کنٹرول ریٹ پر آٹا فراہم کرتا جس سے ہر شہری کو گھر کی دہلیز پر آٹا باآسانی دستیاب ہوتا تھا۔ اب شہر میں جو چار پوائنٹس بنائے گئے وہاں شہری کو جانے کی مشکلات کے علاوہ وہاں پر بھی شہریوں کو آٹا دستیاب نہیں ہوتا جس سے ان کی مشکلات اور تکلیف میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق آٹا ڈیلروں نے بحران کے پیش نظر بڑی مقدار میں آٹے کا سٹاک کرنا شروع کرلیا ہے۔ شہر میں آٹے کی شدید قلت کے خطرات کے باوجود ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک ڈیرہ نے خاموشی اختیار کرلی ہے۔ آٹے کی شدید ترین قلت کے خطرات کے پیش نظر ڈیرہ کے شہریوں میں شدید تشویش اور پریشانی پائی جاتی ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے پہلے ہی مہنگائی کا طوفان برپا کر رکھا ہے لیکن اب غریب سےدو وقت روٹی کا نوالہ بھی چھینا جارہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شہر میں آٹے کے بڑھتے ریٹ اور بحران کے باوجود محکمہ خوراک ڈیرہ کی جانب سے تاحال عملی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ہیں جب سب اچھا کی رپورٹ پیش کی جارہی ہیں۔ دوسری جانب شہر میں نانبائیوں نے بھی آٹے کی قیمت میں اضافہ کے باعث روٹی کی قیمت میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے جبکہ بعض مقامات پر روٹی کا وزن بھی کم کردیا گیا ہے۔ شہریوں نے پی ٹی آئی حکومت کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
![]()