کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے سیکریٹری ریکارڈ اینڈ ایونٹس نوید بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے کراچی میں چلائی جانے والی صفائی مہم سے شہر میں کافی حد تک فرق آیا ہے۔ چمکتا دمکتا کراچی حکومت سندھ کا عزم ہے۔ شہریوں کو دیگر سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ بدھ کو جاری بیان میں نوید بھٹی نے کہا کہ حکومت سندھ کی کارکردگی دیگر صوبوں کے مقابلے میں انتہائی بہتر ہے اور اس کا اعتراف بین الاقوامی اداروں نے بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر علی زیدی کی جانب سے صفائی مہم کے نام پر کراچی کے شہریوں کے ساتھ مذاق کیا گیا اور صورت حال بہتر ہونے کی بجائے مزید بگڑ گئی۔ اس کے بعد سندھ حکومت نے شہر میں صفائی کا ذمہ اٹھایا اور صوبائی وزراء نے خود سڑکوں پر کھڑے ہو کر صفائی مہم کی نگرانی کی، جس کے خاطر خواہ نتائج سامنے آئے ہیں اور اب شہر میں صفائی ستھرائی کی صورت حال ماضی کے مقابلے میں بہت بہتر ہے۔ کراچی میں بھرپور صفائی مہم چلانے پر وزیراعلیٰ سندھ اور ان کی ٹیم کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔نوید بھٹی نے کہا کہ حکومت سندھ صوبے بھر سمیت کراچی کے شہریوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے اور ایسے اقدامات کیے جارہے ہیں جن سے عوام کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں نے لوگوں کا جینا محال کردیا ہے۔ سندھ کو اس کا حق نہیں دیا جارہا ہے لیکن اس کے باوجود بلاول بھٹو زرداری کی رہنمائی میں حکومت سندھ کی کارکردگی دیگر صوبوں کے لیے قابل تقلید ہے۔
![]()