کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے 3 ہسپتالوں کا انتظام سنبھالنے کے لیے عجلت کی، سندھ حکومت نے نظر ثانی کی درخواست فائل کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزیز اور دیگر ہسپتالوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے 3 اسپتالوں کا انتظام سنبھالنے کے لیے عجلت کی، سندھ حکومت نے ریویو پٹیشن فائل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوٹیفیکیشن سے ان ہسپتالوں میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی، وفاقی حکومت نوٹیفیکیشن واپس کرے تاکہ غیر یقینی ختم ہو۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے کراچی کے تینوں بڑے ہسپتالوں کا انتظامی کنٹرول سنبھال لیا تھا، نوٹیفیکیشن جاری ہونے کے بعد جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کا انتظامی کنٹرول وفاق کو منتقل ہوگیا۔ اسی طرح این آئی سی وی ڈی اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (این آئی سی ایچ) کا کنٹرول بھی وفاقی حکومت کو منتقل ہوگیا۔ وزارت قومی صحت کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق تینوں ہسپتالوں کے انتظامی و مالی معاملات، ملازمین اور اثاثے وفاقی حکومت کو منتقل ہوگئے۔
![]()