![]()
دو اہم صوبائی وزارتوں کی حامل تحصیل فنڈز اور ترقیاتی کاموں سے تاحال محروم ہے ۔
۔۔۔ تحریر : مقصود احمد سندھو ۔ چیچہ وطنی
صوبہ پنجاب میں گندم کی کٹائی کا عمل ویسے تو شروع ہوچکاہے مگر باضابطہ کٹائی کے افتتاح کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکی چیچہ وطنی کے علاقہ شاہکوٹ موضع کماند آمد کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں جہاں وہ 23اپریل کوصوبائی وزیرزراعت کے حلقہ میں باضابطہ کٹائی کاافتتاح کریں گے اس موقع پر توقع کی جارہی ہے کہ کسانوں کو ہونے والے نقصان کے ازالہ کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کسی بڑے پیکج کااعلان کریں گے ۔پی ٹی آئی کی حکومت اپنے قیام سے لے کراب تک عوامی طورپرکسی ایسے منصوبہ کا اعلان نہیں کرسکی جسے فوری اثرات کا حامل قرار دیا جا سکے۔خوابوں کی جلدتعبیرکے منتظرعوام خاص طورپرکسانوں کی امیدیں دم توڑ رہی ہیں اِن حالات میں ضروری ہے کہ اِن کے مسائل کاادراک کرتے ہوئے انہیں ریلیف کامژدہ سنایاجائے ۔ میزبان وزیرزراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال کاتعلق بھی ایک بڑے زمیندار گھرانہ سے ہے اوروہ خود بھی ایک بڑے زمیندارکے طورپرجانے جاتے ہیں اس لئے کسانوں کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں اِس بناء پرامیدواثق ہے کہ وہ کسانوں کے جذبا ت کی ترجمانی مؤثراوربھرپوراندازمیں کریں گے ۔حال ہی میں خراب موسم،طوفانی بارشوں اورژالہ باری کی وجہ سے مختلف فصلوں کوہونے والے نقصان کے علاوہ گندم کی خریداری اور ٹیوب ویلوں کی بجلی کے بڑھتے ہوئے نرخوں کامعاملہ بھی اٹھائیں گے کیونکہ کسان ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ملک میں ہونے والی حالیہ بارشوں سے گندم کی تیارفصل اوربوئی گئی اگیتی کپاس متاثرہونے سے کسان پریشان حال دکھائی دے رہے ہیں جن کی مشکلات کا مداوا ضروری ہے اِس کے علاوہ حکومت ہرسال کسانوں سے ایک ایک دانہ خریدنے کا اعلان کرتی ہے کہ مگرہرسال انہیں آڑھتیوں ،تحصیلداروں ،پٹواریوں اورگرداوروں کے رحم وکرم پر چھوڑدیاجاتاہے کوئی چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کی وجہ سے وہ دربدردھکے کھاتے پھرتے ہیں ماضی کی حکومتوں کی جانب سے بڑی بڑی سبسڈیز کا اعلان کیا گیا لیکن تھوڑی بہت سبسڈی دے کرمنصوبوں کومعطل کیاجاتارہا۔زراعت اورکسانوں کومسائل کے گرداب سے نکالنے کیلئے ضروری ہے کہ انہیں سستی کھاد ،میعاری بیج اور خالص ادویات فراہم کی جائیں اس کے علاوہ زرعی آلات کی خریداری کیلئے انہیں مناسب قرضوں کی سہولت فراہم کرکے اُن کے مسائل کوترجیحی بنیادوں پرحل کیا جائے ۔لینڈریکارڈ سنٹر پر اِن کے وقت کی بربادی ایک الگ مسئلہ ہے جس پرخصوصی توجہ کی ضرورت ہے ۔
دواہم صوبائی وزارتوں کی حامل تحصیل چیچہ وطنی فنڈزاورترقیاتی کاموں سے تاحال محروم نظرآرہی ہے حالانکہ اِس وقت صوبائی وزیرزراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال اورصوبائی وزیراطلاعات ونشریات سیدصمصام شاہ بخاری کاتعلق بھی اِسی علاقہ سے ہے اِ س کے علاوہ گورنرپنجاب چوہدری محمد سرورکی بھی تحصیل چیچہ وطنی سے خاص نسبت ہے اورڈویژن ساہیوال سے منتخب ہونے والے پی ٹی آئی کے واحد ایم این اے رائے مرتضیٰ اقبال خاں جنہیں پی ٹی آئی کی آنکھ کاتارا قراردیاجاتاہے اسی حلقہ سے تعلق رکھتے ہیں پی ٹی آئی ویسٹ پنجاب کے صدرمیجرغلام سروربھی چیچہ وطنی کے ہی باسی ہیں اسی طرح پی ٹی آئی کے مرکزی رہنمارائے حسن نواز خاں اور رائے عزیز اللہ خاں جیسی شخصیات ،مرکزی رہنماؤں اورعہدیداروں کے ہوتے ہوئے بھی تحصیل چیچہ وطنی اگرترقیاتی کاموں سے محروم رہی توعوام کی مایوسی اوراعتراض حق بجانب ہوگا۔حال ہی میں گورنرپنجاب سمیت دوصوبائی وزراء کی چیچہ وطنی آمداور متعدد تقریبات میں شرکت کے باوجود اہل علاقہ کی کوئی بڑااعلان سننے کی امیدیں پوری نہ ہوسکیں۔ انہیں فقط طفل تسلیوں پرہی گزاراکرناپڑادورے محض فوٹوشوٹ اور زبانی جمع خرچ تک محدودرہے اورترقیاتی کاموں کے حوالے سے کوئی بڑااعلان نہ ہوسکاالبتہ وزیرزراعت ملک نعمان احمدلنگڑیال نے گزشتہ سال کسانوں کوہونے والے نقصان کی مدمیں انشورنس کی رقوم تقسیم کرکے کسی حدتک اشک شوئی کی کوشش کی تاہم وزیراطلات ونشریات کی ہرپندرہ دن بعد حلقہ میں آمد کاوعدہ بس وعدہ ہی رہا اہل علاقہ ہنوزاُن کی راہ میں آنکھیں بچھائے بیٹھے ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کے گندم کی کٹائی کی افتتاحی تقریب کے موقع پراہل علاقہ پرامیدہیں کہ منتخب نمائندے چیچہ وطنی کے مسائل وزیراعلیٰ کے سامنے رکھیں گے اوران کے حل کیلئے بھر پور کوشش کریں گے خاص طورپرچیچہ وطنی کے خونی بائی پاس پرانڈرپاسزکی تعمیر،ڈگری کالجزکی بطورپوسٹ گریجوایٹ کالجزاپ گریڈیشن خاص طورپرڈگری کالج برائے خواتین کی اپ گریڈیشن ،تعلیمی اداروں میں موجوداسٹاف کی کمی کوپوراکرنے ،اجڑتے ہوئے چیچہ وطنی کے مصنوعی جنگل اورتحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال میں سہولیات کی فراہمی جیسے مسائل کے حل کیلئے فنڈزکی فراہمی کی کوشش کی جائے گی۔اب دیکھتے ہیں کہ وزیراعلیٰ پنجاب علاقہ کی تعمیروترقی کیلئے کوئی بڑااعلان کرتے ہیں یافقط گندم کی کٹائی کا افتتاح کرکے واپس چلے جائیں گے۔سیاسی پنڈتوں کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کادورہ مستقبل کی سیاست کے حوالہ سے بہت اہمیت کاحامل ہے اس دورہ کے بعد لنگڑیال گروپ اوررائے گروپ کے تعلقات میں سردمہری آسکتی ہے صوبائی وزیرزراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال علاقہ میں اپنی سیاسی ساکھ مزیدمضبوط کرنے اور(ن) لیگ کے کروائے گئے ترقیاتی کاموں
کااثرزائل کرنے کیلئے کماندتا90موڑوَ ن وے سڑک کی تعمیر،90موڑتا چیچہ وطنی نہر12ایل کے ساتھ ساتھ چلنے والی سڑک کوکارپٹ روڈبنانے کے علاوہ 90موڑڈگری کالج اور ٹیکنیکل کالج کی تعمیرکے علاوہ مرکزصحت کی اَ پ گریڈیشن جیسے مطالبات پیش کرکے عوام کے دل جیتنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔