فیض سلطان فیصل کی گزارش پر ٹی ایچ کیو کمالیہ کے ڈائیلاسز وارڈ کے لیے نئی ڈائیلاسز مشین عطیہ، مریضوں کو بڑی سہولت
کمالیہ (ایڈیٹر نیوز آف پاکستان . ڈاکٹر غلام مرتضیٰ) ٹی ایچ کیو ہسپتال کمالیہ کے ڈائیلاسز وارڈ میں ایک مشین خراب ہونے کے باعث گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کو مشکلات کا سامنا تھا۔ اس صورتحال کے پیشِ نظر صحافی فیض سلطان فیصل نے سماجی و سیاسی شخصیت چوہدری خوشی محمد جٹ سے نئی ڈائیلاسز مشین فراہم کرنے کی درخواست کی، جس پر انہوں نے فوری مثبت جواب دیتے ہوئے ہسپتال کے لیے نئی ڈائیلاسز مشین عطیہ کر دی۔ اس فلاحی اقدام سے ڈائیلاسز وارڈ کی استعداد میں اضافہ ہوگا اور مستحق مریضوں کو علاج کی بہتر سہولت میسر آئے گی۔ چوہدری خوشی محمد جٹ کی جانب سے انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت کیا گیا یہ اقدام عوامی حلقوں میں قابلِ تحسین قرار دیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر فیض سلطان فیصل نے اپنے بیان میں کہا “میں چوہدری خوشی محمد جٹ اور ان کے صاحبزادے چوہدری قمر حسین جٹ کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں کہ انہوں نے میری گزارش کو اہمیت دیتے ہوئے ٹی ایچ کیو ہسپتال کمالیہ کے ڈائیلاسز وارڈ کے لیے نئی مشین عطیہ کی۔ اس سے بے شمار گردوں کے مریضوں کو بروقت اور بہتر علاج کی سہولت حاصل ہوگی۔ اللہ تعالیٰ ان کی اس خدمت کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے، اسے ان کے لیے صدقۂ جاریہ بنائے اور انہیں مزید خدمتِ خلق کی توفیق عطاء فرمائے۔” اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ چوہدری خوشی محمد جٹ اور چوہدری قمر حسین جٹ طویل عرصے سے کمالیہ میں مختلف سماجی، فلاحی اور عوامی خدمت کے منصوبوں میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتے آ رہے ہیں۔ ان کی جانب سے ٹی ایچ کیو ہسپتال کے لیے ڈائیلاسز مشین کا عطیہ بھی اسی خدمت کے تسلسل کی ایک اہم کڑی ہے۔ واضح رہے کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال کمالیہ کا ڈائیلاسز وارڈ اور کارڈیک وارڈ کمالیہ کے مخیر حضرات کے تعاون سے کامیابی کے ساتھ خدمات انجام دے رہے ہیں، جہاں روزانہ متعدد مریض مفت علاج کی سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں۔