راجن پور (رپورٹ: انعام باری) پاکستانی کمزور معیشت تحریک انصاف کی حکومت کے لئے سب سے بڑا چیلنج اسدعمر اچھے سیاستدان مگر ناکام وزیر خزانہ ثابت ہوئے کابینہ میں تبدیلی وزیراعظم کا اختیار ہے اور یہ حالیہ آٹھ ماہ میں بڑا فیصلہ ہے معاشی بدحالی کے باوجود پی ٹی آئی حکومت کو وقت ملنا چاہیے وزیر اعلیٰ پنجاب کی تبدیلی کی افواہیں سرگرم ہیں جس سے جنوبی پنجاب و ڈی جی خان ڈویژن میں احساس محرومی پیدا ہوگا ان خیالات کا اظہار سربراہ جماعت فریدیہ و پیر آف کوٹ مٹھن شریف خواجہ محمد عامر فرید کوریجہ نے فرید پیلس میں پیرزادہ محمد نعمان سائیں، علامہ قاری محمد شفیع سعیدی، ایم شہباز خان، ابرار حسین قریشی، محمد نعیم اقبال، محمد زین العابدین خان، عبدالغفار حجانہ، محمد جنید خان اور دلشاد انجم ہاشمی قریشی و دیگر سے ملاقات میں گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت حکومت کے لئے سب سے بڑا چیلنج بگڑتی ہوئی کمزور معیشت ہے جو اس کے مشیروں سے سنبھالی نہیں جارہی اور اس سلسلہ میں وزیراعظم عمران خان کی طرف سے کابینہ میں تبدیلی بھی اس کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا خطہ میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی خطرناک ہے دہشتگردوں کا کسی مذہب سے تعلق نہیں ہوتا بلکہ ان کا ٹارگٹ صرف انسانیت کا قتل کرنا ہوتا ہے بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ افسوس ناک ہیں اور اس میں غیر ملکی ایجنسیاں ملوث ہوسکتی ہیں تحریک انصاف حکومت کا لوکل گورنمنٹ فارمولہ اچھا ہے کامیاب ہو یا نہ ہو یہ بات وقت پر سامنے آئے گی صوبہ جنوبی پنجاب کے لئے حکومت عملی اقدامات اٹھائے حالیہ بارشوں کے باعث راجن پور سمیت جنوبی پنجاب میں بڑے نقصانات ہوئے ہیں وزیر اعلیٰ پنجاب متاثرین کے لئے پیکج کا اعلان کریں اولیاء اللہ کی تعلیمات و فکر فریدؒ کو نوجوان نسل تک پہنچانے کے لئے ملک بھر کے دورے کررہا ہوں مشائخ سجادگان و اہلسنت جماعتوں کو متحد کرنا چاہتا ہوں اور اس سلسلہ میں کاوشیں بھی کرتا رہتا ہوں صوفی ازم و اولیاء اللہ کی تعلیمات میں پاکستان کی بقاء اور تحفظ ہے۔ اس موقع پر صاحبزادہ محمد عزیز عامر کوریجہ، محمد عمیر عامر کوریجہ سمیت دیگر موجود تھے۔
![]()