کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) اہلسنت والجماعت کے مرکزی صدر علامہ اورنگزیب فاروقی نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے ارادوں کو نیست و نابود کردیا ہے۔ بھارت کو بھرپور جواب دینے پر پاک فضائیہ کو سلام پیش کرتا ہوں۔ پاکستان کا بچہ بچہ جذبہ شہادت سے سرشار ہے۔ ضرورت پڑی تو ہمارے ایک لاکھ کارکن پاک فوج کا ساتھ دینے کے لیے تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جنگی جنون میں مبتلا ہے اور الیکشن کی وجہ سے جنگی ماحول بنایا جارہا ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج نے آج بھارت کو بھرپور جواب دے کر ان کے ارادوں کو نیست و نابود کردیا ہے۔ میں پاک فوج اور پاک فضائیہ کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ہماری افواج نے ثابت کردیا ہے ہے کہ وہ کسی سے بھی کم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ جذبہ شہادت سے سرچار ہے۔ ہم جینے سے زیادہ شہادت کو ترجیح دیتے ہیں۔ نریندر مودی سن لے ہندو صرف ہندوستان میں رہتے ہیں جبکہ مسلمان پوری دنیا میں موجود ہیں۔ اگر پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی تو اس کا جواب پوری دنیا سے آئے گا۔ یہ جنگ ایک خطے کو نہیں پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لی گی۔انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف کچھ لوگ صرف اس لیے خاموش ہیں کہ ان کے ہندستان میں کاروبار میں چل رہے ہیں۔ علامہ اورنگزیب فاروقی نے کہا کہ ہم کل بھی اداروں کے ساتھ تھے اور آج بھی اداروں کے ساتھ ہیں۔ پوری قوم فوج کے لیے دعا کرے اور نوافل ادا کرے۔ حکومت کو چاہیے کہ جنگ سے آگاہی کے لیے کیمپس کا انعقاد کرے۔انہوں نے کہا کہ جمعرات کو یوم صدیق اکبر کے سلسلے میں ملک بھر جلوس نکالے جائیں گے جبکہ جمعہ کو بھارت کے خلاف بھرپور احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ قبل ازیں اہلسنت و الجماعت کی جانب سے کراچی پریس کلب کے باہر پاک فضائیہ کی جانب سے بھارت کو بھرپور جواب دینے کی خوشی میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔
![]()