کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ نے کہا ہے کہ کچھ خفیہ طاقتیں کراچی میں بدامنی کی فضا قائم کررہی ہیں۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے علاقے میں تین محنت کش پشتونوں کا قتل سندھ میں لسانی فسادات کرانے کی سازش ہے۔ ارشاد رانجھانی کے قتل کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائے اور اس میں رحیم شاہ کے موقف کو بھی سنجیدگی سے سنا جائے۔ آج ہمارے لیے خوشی کا دن ہے کیونکہ شہباز شریف کو عدالت نے رہا کردیا ہے۔ اب شیخ رشید کو خوش ہونا چائیے کیونکہ وہ کہتے تھے جو لوگ جیل میں ہیں وہ پبلک اکاؤٹس کمیٹی کے چیئرمین نہیں بن سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خواجہ طارق نذیر، علی اکبر گجر اور دیگر بھی موجود تھے۔ شاہ محمد شاہ نے کہا کہ نواز شریف کی ہمت اور سیکورٹی فورسز کی جدوجہد سے کراچی میں امن آیا۔ شہر میں ایک مرتبہ پھر بد امنی کی فضا قائم ہو رہی ہے اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر پر حملے سے اس کا آغاز ہوا ہے۔ کچھ خفیہ طاقتیں کراچی میں بد امنی کی فضا قائم کررہی ہے۔ سندھ اولیا اور صوفیوں کی سرزمین ہے جنہوں نے امن کا پیغام دیا ہے۔ ارشاد رانجھانی قتل کیس کے حوالے سے شاہ محمد شاہ نے کہا کہ رحیم شاہ کاموقف ہے کہ وہ بینک سے رقم نکال رہے تھے اس دوران ڈاکوؤں نے ان کی گاڑی کو لوٹنے کی کوشش کی جس پر انہوں نے گاڑی کے اندر سے فائر کیا۔ فائر کرنے کے بعد انہوں نے پولیس کو فون کیا اور وہ 15 منٹ میں پہنچی۔پولیس کی آمد کے بعد رحیم شاہ کا ان سے کوئی تعلق نہیں بنتا ہے۔ رحیم شاہ کا کیس عدالت میں ہے۔ وہاں اس حوالے سے تمام حقائق سامنے آجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ہم سب کی سرزمین ہے یہاں پر لسانیت کو ہوا دینا افسوسناک ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے علاقے میں تین محنت کش پشتونوں کا قتل سندھ میں لسانی فسادات کرانے کی سازش ہے۔ پشتونوں کے قتل کی بھی شفاف انداز میں تحقیقات ہونی چاہئیں۔ اگرایسا نہ کیا گیا تو امن و امان کی صورت حال خراب ہوگی۔ کراچی سے کشمور تک ہم سب ایک ہیں اور امن چاہتے ہیں۔ ہاتھ جوڑ کر سندھ کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ خدا کے لئے آگ لگانا آسان ہے مگر اسے بجھانا آسان نہیں ہے۔ پشتون اور سندھی دانشوار میدان میں آئیں اور یہ پیغام عام کریں کہ یہ لسانی جھگڑا نہیں ہے۔ ہم نے اس سلسلے میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو خط لکھ کر ان سے کردار ادا کرنے کی استدعا کی ہے۔ شاہ محمد شاہ نے کہا کہ آج ہمارے لیے خوشی کا دن ہے عدالت سے میاں شہباز شریف کی ضمانت منظور ہوگئی ہے۔شیخ رشید کہتے تھے کہ جیل میں بیٹھا ہوا شخص پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین نہیں بن سکتا، اب ان کو شہباز شریف کے چیئرمین بننے پر اعتراض نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ناتجربہ کاری کے باعث دنیا بھر میں ملک کی بدنامی کا باعث بن رہی ہے۔ سعودی عرب سے سرمایہ کاری کے تمام معاملات میاں نواز شریف نے طے کیے تھے۔ حکومتی سطح پر معاملات پر مکمل ہونے پر وقت لگتا ہے۔ عمران خان نے وزیراعظم ہاؤس کی تمام گاڑیاں فروخت کردیں اور جس قیمت میں یہ گاڑیاں فروخت کی تھیں اب اس سے زیادہ قیمت میں گاڑیاں کرائے پر لی جارہی ہیں۔
![]()