کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان نے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2020 کا فاتحانہ آغاز کیا ہے۔ آسٹریلیا میں جاری میگا ایونٹ میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز ویمنز کرکٹ ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان نے 125 رنز کا مطلوبہ ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ کینبرا میں کھیلے گئے میچ میں تجربہ کار بیٹر جویریہ خان اور فاسٹ باؤلر ڈیانا بیگ کی شاندارکارکردگی نےقومی خواتین کرکٹ ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ ویسٹ انڈیز ویمنز کرکٹ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اووز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شیمائن کیمبل اور اسٹیفنی ٹیلر 43،43 رنز بناکر نمایاں بیٹرز رہیں۔ دونوں بیٹرز کی اننگز میں 2،2 چوکے اور 2،2 چھکے شامل تھے۔ لی آن کِربی 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔ تینوں بیٹرز کے علاوہ ویسٹ انڈیز کی کوئی بلے باز بھی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکیں۔ فاسٹ باؤلر ڈیانا بیگ نے ابتدائی اوورز میں عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز ویمنز کی بیٹنگ لائن اپ کو دباؤ کا شکار کیا۔ انہوں نے 4 اوورز میں 19 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ڈیانا بیگ کے علاوہ ندا ڈار اور ایمن انور نے بھی 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی اوپنرز نےاننگز کا پراعتماد آغاز کیا۔ جویریہ خان اور منیبہ علی پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے ٹیم کو 58 رنز کا مضبوظ آغاز فراہم کرکے میچ میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم کردی۔ جویریہ خان 35 او رمنیبہ علی 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں، جس کے بعد کپتان بسمہ معروف نے ندا ڈار کے ہمراہ 40 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے ٹیم کو فتح دلادی۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم نے مطلوبہ ہدف 16 گیندیں قبل 2 وکٹوں کے نقصان پر حاص کرلیا۔ بسمہ معروف 39 اور ندا ڈار 18 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ ویسٹ انڈیز کی آفی فلیچر اور اسٹیفنی ٹیلر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں مثبت بیٹنگ کرنے پر جویریہ خان کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ قومی خواتین کرکٹ ایونٹ میں اپنا اگلا میچ 28 فروری کو اسی میدان پر انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔
![]()