ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان محمد عمیر خان نے کہا ہے کہ کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت ضم شدہ قبائلی سب ڈویژن درازندہ میں بھی ماحول کو بہتر بنانے کے حوالے سے پودے لگائے جارہے ہیں جس کا یقیناً ماحول پر اچھا اثر پڑے گا، پودے لگانا ہمارا قومی فریضہ بھی ہے، لوگ بڑھ چڑھ کر اس قومی مہم میں حصہ لیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضم شدہ قبائلی سب ڈویژن درازندہ میں کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں پودا لگانے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے اس موقع پر مہم کے تحت پودا لگایا اور دعا کی۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ غازی نواز اور اسسٹنٹ کمشنر درازندہ طارق سلیم کے علاوہ دیگر حکام بھی موجود تھے۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر نے عمائدین علاقہ میں پودے بھی تقسیم کئے۔ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان محمد عمیر خان نے ٹی ایم اے درازندہ آفس میں نئی مشینری کا معائنہ کیا، حکومت کی جانب سے نئی قائم شدہ ٹی ایم اے کیلئے صفائی کے عمل کیلئے فراہم کردہ نئی گاڑیوں اور جدید سامان شامل ہیں۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان محمد عمیر خان نے تحصیل ہیڈ کوارٹر درازندہ میں عوامی مسائل کے حل کیلئے کھلی کچہری کا بھی انعقاد کیا۔ کھلی کچہری میں تمام سرکاری محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان محمد عمیر خان نے عوامی مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر احکامات جارے کئے۔
Home / اہم خبریں / کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت ضم شدہ قبائلی سب ڈویژن درازندہ میں پودے لگائے گئے