ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) ڈیرہ میں الیکٹرانکس مصنوعات اقساط پر دینے کی آڑ میں سود کا کاروبار عروج پر ،حکام خاموش ،شہر ومضافاتی علاقوں میں الیکٹرانکس مصنوعات اقساط پر دینے کی آڑ میں سود کا کاروباری جاری، الیکٹرانکس مصنوعات، موٹرسائیکلیں، جنریٹرز وغیرہ اقساط پر دینے کی آڑ میں سود کا کاروبار عروج پر، چالیس ہزار روپے کا موٹرسائیکل قسطوں میں 65 ہزار روپے میں فروخت کرکے پچیس ہزار روپے اضافی سود وصول کیا جارہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان شہر و گرد و نواح میں الیکٹرانکس مصنوعات ایل سی ڈیز، ایل ای ڈیز، فریج، اے سی، پنکھے، موٹرسائیکلیں، جنریٹرز، موبائل فونز وغیرہ قسطوں پر فروخت کے رجحان میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ اس طرح موٹرسائیکلوں کی خرید و فروخت کا کاروبار کرنے والے سینکڑوں بااثر افراد سود کی آڑ میں شہریوں کو کنگال کرکے جمع پونجی لوٹ رہے ہیں۔ ڈیرہ کے شہریوں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سود کا دھند ہ کرنے پر پابندی عائد ہونے کے باوجود بااثر افراد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی آنکھوں میں دھول جھونک کر دیدہ دلیری کے ساتھ سودی کاروبار کو فروغ دے رہے ہیں جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کاروائی کرنے کے بجائے خاموشی اختیار کر رکھی ہے جس کی وجہ سے روزانہ بااثر سود کا دھندہ کرنے والے افراد شہریوں کی جیبوں کا صفایا کر رہے ہیں۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں سود کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے تاکہ سادہ لوح شہری لٹنے سے محفوظ رہیں۔
![]()