کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ شاہ عبد الحق قادری نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مہنگائی، بے روزگاری محرومی کے سوا عوام کو کچھ نہیں دیا۔ نئے سال کے آغاز پر پیٹرولم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کو تحفہ دیا گیا۔ سودی قرضوں کا بوجھ غریب عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے سبب قوم اضطراب کا شکار ہے۔ ارباب اقتدار عوام کے مسائل حل کرنے میں سنجید ہ نظر نہیں آ رہے، سیاستدانوں کی ناکام پالیسیوں کے سبب قوم مسائل سے نہیں نکل پارہی۔ شاہ عبدالحق نے کہا کہ نیپرا کا کراچی کیلئے بجلی کی قیمت میں اضافہ کرنا ظلم ہے عوام پہلے ہی کے الیکٹرک کی اووربلنگ سے پریشان ہیں۔ انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کے عوام کو ریلیف دینے کے تمام دعوے ابھی تک چھوٹے ثابت ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بے روزگاری ایک سنگین مسئلہ ہے ہماری حکومتیں اس مسئلے کے حل کے بجائے صرف وقت گزاری کر رہی ہیں۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی،غربت، افلاس، بیروزگاری جیسے مسائل اور بحر انات کا ذمہ دار اقتدار میں رہنے والوں کی ناقص حکمت عملی اور سودی نظام ہے۔ حکومت اور منتخب نمائندوں کی اولین ذمہ داری بنتی ہے کہ عوامی مسائل کے تدارک اور قوم سے کئے گئے وعدے پورے کریں۔
![]()