کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) یو ایس پاک ڈاکٹرز فورم کی چیئرپرسن معروف فزیشن ڈاکٹر فاطمہ مظہر نے کہا ہے کہ پاکستان میں میڈیکل کے تمام شعبوں میں بے شمار ڈاکٹرز ایسے ہیں جنھوں نے امریکہ سمیت دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کیا ہے اور مجھے فخر ہے کہ میرا تعلق بھی پاکستان سے ہے، موجودہ دور میں اس ملک میں بھی متعدد مہلک امراض کا جدید مشینوں سے علاج ممکن ہوگیا ہے، ان خیالات کا ا ظہار انھوں نے پاکستان فزیشن فورم کراچی چیپٹر کی کنونیر ڈاکٹر غزالہ نفیس کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالئے سے خطاب کرتے ہوۓ کیا جس میں ڈاکٹر محمد عظمت حسین، پروفیسر الطاف ہاشمی، ڈاکٹر مسرور آفریدی، ڈاکٹر قاضی طارق، ڈاکٹر مسرت، ڈاکٹر ماجد، اور ڈاکٹر مصطفی نے بھی شرکت کی۔ انھوں نے مزید کہا کہ امریکہ میں پاکستانی ڈاکٹروں کی بہت پزیرائی کی جاتی ہے جسکی وجہ ان کی پروفیشنل قابلیت ہے۔ میزبان معروف فزیشن ڈاکٹر غزالہ نفیس نے کہا کہ ہمارا بنیادی فرض مریضوں کو علاج معالجے کے حوالے سے مطمئن کرنا ہوتا ہے اسی لئے ڈاکٹرز کو عوام کا مسیحا کہا جاتا ہے، تاہم انھوں نے کہا کہ ابھی بھی پاکستان میں صحت کے شعبہ میں کافی اصلاحات کی ضرورت ہے جس کیلئے موجودہ حکومت اقدامات کررہی ہے، انھوں نے مزید کہا کہ ہمیں آج امریکہ کے شہر ڈیلاس سے طویل عرصے بعد پاکستان آنے والی ہماری دوست کی یہاں موجودگی نے تقریب میں سحر پیدا کردیا ہے۔ ملک کے معروف کنسلٹینٹ ڈاکٹر محمد عظمت حسین نے کہا کہ کراچی اور اندورن سندھ میں سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار کافی مخدوش ہے جس میں بہتری لانے کی اشد ضرورت ہے خاص طور پر اس وقت ڈینگی کے مرض نے لوگوں کو اضطراب میں مبتلا کردیا ہے، اس سلسلے میں حکومت سندھ کو خصوصی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ پروفیسر الطاف ہاشمی نے میزبان ڈاکٹر غزالہ نفیس کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انھوں نے امریکہ سے آئی ہوئی معزز مہمان کے اعزاز میں شاندار تقریب کا انعقاد کرکے ایک اچھی روایت کا آغاز کیا ہے جبکہ امریکہ سے آئی ہوئی مہمان ڈاکٹر فاطمہ مظہر نے تمام مہمانوں اور میزبان کا شکریہ ادا کیا۔
![]()