Home / اہم خبریں / پی ٹی آئی نے ترقی اور خوشحالی کے نام پر دھاندلی مچاکرعوام سے جینے کا حق چھین لیا،عمران خان حکومت ملکی تاریخ کا بدترین دور ثابت ہوئی، ملک میں مہنگائی کا طوفان آگیا۔ عبدالحاکم قائد

پی ٹی آئی نے ترقی اور خوشحالی کے نام پر دھاندلی مچاکرعوام سے جینے کا حق چھین لیا،عمران خان حکومت ملکی تاریخ کا بدترین دور ثابت ہوئی، ملک میں مہنگائی کا طوفان آگیا۔ عبدالحاکم قائد

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے ترقی اور خوشحالی کے نام پر جو دھاندلی مچائی ہے اس نے عوام سے جینے کا حق ہی چھین لیا ہے۔ عمران خان حکومت ملکی تاریخ کا بدترین دور ثابت ہوئی ہے۔ قومی سلامتی، معاشی پالیسیاں، عوامی استحکام اور خارجہ پالیسی ہر طرف بدانتظامی اور بدحالی کا دور دورہ ہے۔ ملک بھر میں مہنگائی کا طوفان آگیا ہے۔ ایسا لگتا ہے جیسے موجودہ تبدیلی کی لہر اپنے ساتھ ملک و قوم کی ہر خوشی بہا کر لے جائے گی۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ ایک بیان میں عبدالحاکم قائد نے مہنگائی کے ہاتھوں پریشان عوام کی حالت زار پر تاسف اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام پر مہنگائی کے بم کب تک گراتی رہے گی؟ کبھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، کبھی گیس و بجلی میں، کبھی آٹا، دالیں، سبزیاں اورکبھی ادویات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے ہوش اڑا دئیے ہیں، راتوں کی نیندیں اور دن کا سکون چھین لیا ہے۔ سبزیاں، پھل اور دیگر اشیائے خورد و نوش عوام کی پہنچ سے دور ہو گئی ہیں۔ لنگر خانے کھول کر کارخانوں کو تالے لگا دیئے گئے ہیں۔ قوم کو بھکاری بنا دیا گیا ہے۔ نوکریاں دینے کے بجائے چھینی جا رہی  ہیں۔ "تجاوزات ہٹاؤ مہم ” کے نتیجے میں بڑی تعداد میں لوگ بیروزگار ہوئے ہیں اس کے باوجود نااہل اور ناکام حکومت کی بد دیانتی جاری ہے۔ حکومت نے کوئی ایک منصوبہ بھی ابھی تک عوام کے حق میں جاری نہیں کیا نہ ہی کوئی ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔ کیا کپتان کنٹینرز پر چڑھ کر اسی تبدیلی کی بات کرتے رہے ہیں؟ عبدالحاکم قائد نے ہوشربا مہنگائی پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ حکومتی وزراء اور مشیروں کو لگتا ہے کہ ان کی احمقانہ اور فضول معاشی پالیسیوں کی وجہ سے حالات بہتر ہو رہے ہیں؟ ذرا وقت نکال کرعوام خصوصا کراچی کے عوام کے گھروں کا دورہ تو کریں، تب پتہ چلے گا کہ کیا بہتری آئی ہے۔ حالات بد سے بد ترین کی نہج پر جا چکے ہیں۔ کس بہتری کی بات کر رہے ہیں؟ چند فیصد اشرافیہ کی، جنہیں ملکی حالات سے کوئی فرق نہیں پڑتا یا اکثریت میں موجود اس عوام کی جن کی حالت تبدیلی کے نام پر پتلی ہوگئی ہے؟ پی ٹی آئی حکومت کا ڈیڑھ سالہ دور پاکستانی تاریخ کا بدترین دور ہے جس میں لاکھوں افراد بے گھر ہوگئے اور کروڑوں کی تعداد میں بیروزگار۔ 100 سے زائد فیکٹریاں بند ہوگئی ہیں اور کپتان ابھی بھی گھبرانا نہیں کے دلاسے دے رہا ہے۔ عوامی مینڈیٹ چوری کرکے قائم کی جانے والی حکومت ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کر رہی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت کے ڈیڑھ سالہ دور میں بیرونی قرضوں میں چھ کھرب سے زائد اضافہ ہوا۔ کیا وزیر اعظم یہ قرضے اپنی جیب سے ادا کریں گے؟ قرضوں کی مد میں لی جانے والی رقم کہاں خرچ کی جارہی ہے یہ بھی کسی کے علم میں نہیں۔ حکومت کی معاشی ٹیم نے تسلیم کیا ہے کہ سرکاری اقدامات اور مشکل فیصلوں سے عام آدمی پر بوجھ پڑا ہے، ملک میں مہنگائی بڑھ گئی ہے جسے کنٹرول کرنا ضروری ہے۔ تو یہ مہنگائی کب کنٹرول ہوگی؟ جب متوسط اور غریب طبقہ خودکشی کر چکا ہو گا؟ کوئی ایک چیز ایسی بتائی جائے جس پر قیمت بڑھنے کے بجائے کم ہوئی ہو۔ عبدالحاکم قائد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری ایسے پروگرام ترتیب دیے جائیں جس سے معیشت مستحکم ہو اور عام آدمی کی حالت میں بہتری آئے۔ مہنگائی کو کنٹرول کیا جائے، بیروزگار افراد کی بحالی اور ان کے زیر کفالت خاندانوں کی گذر بسر کے لئے جلد از جلد کوئی جامع پروگرام بنایا جائے۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

قلندرز کی دھماکہ خیز فتح، زلمی کی فتوحات کا سلسلہ تھم گیا

لاہور، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) ایچ بی ایل پی ایس ایل کے اہم مقابلے میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے