مردان (رپورٹ: اصغر خان) ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹیکس کنٹرول مردان کے زیر اہتمام منشیات کے خلاف آگاہی واک نکالی گئی۔ واک کی قیادت ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹیکس کنٹرول افسر ارشد سعید، اسسٹنٹ ایکسائز افسر صاحبزادہ سجاد اور ارشد خان کررہے تھے۔واک کے شرکاء ایکسائز دفتر سے کچہری چوک تک گئے اور انہوں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر منشیات کے خلاف نعرے درج تھے۔ شرکاء زندگی سے پیار منشیات سے انکار کے نعرے لگاتے ہوئے کچہری چوک پہنچے جہاں خطاب کرتے ہوئے ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹیکس کنٹرول افسر ارشد سعید نے کہاکہ منشیات کے خلاف آگاہی واک کا مقصد لوگوں میں یہ شعور بیدار کر نا ہے کہ منشیات کے خلاف مہم میں ایکسائز اینڈ نارکوٹیکس کنٹرول کا ساتھ دیں اور نئی نسل کو اس لعنت سے بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو آئس کی لعنت سے بچانے کے لئے مردان میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے گئے ہیں۔ یونیورسٹی، کالجز اور سکولز میں آئس نشے کے حوالے سے آگاہی پروگرام جلد شروع کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے قانون سازی کی ہے جس کے تحت آئس اور چرس ڈیلرز کو پھانسی تک کی سزا دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مردان کو آئس اور دیگر منشیات سے پاک کرنے کے لئے ہماری کاروائیاں تیزی کے ساتھ جاری ہے لیکن عوام کے تعاون کے بغیر سو فیصد نتائج حاصل نہیں کئے جاسکتے۔انہوں نے کہا کہ نئی قانون سازی کے تحت ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں ایکسائز پولیس اسٹیشن بنائے جائیں گے اور انہیں مقدمات کے اندراج کا اختیار بھی دیدیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کو نشان عبرت بنائیں گے۔
![]()