Home / اہم خبریں / پاکستان ریڈ کریسنٹ کے زیر اہتمام ڈیرہ اسماعیل خان میں صحافیوں کے لئے معلوماتی سیشن کا انعقاد

پاکستان ریڈ کریسنٹ کے زیر اہتمام ڈیرہ اسماعیل خان میں صحافیوں کے لئے معلوماتی سیشن کا انعقاد

ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) پاکستان ریڈ کریسنٹ کے زیر اہتمام صحافیوں کے لئے ایک معلوماتی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں الیکٹرانک میڈیا، پرنٹ میڈیا اور سوشل میڈیا سے وابستہ صحافی برادری نے شرکت کی۔ معلوماتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ھلال احمر پاکستان کے ایس بی و سی بی آر اے کے صوبائی پروگرام آفیسر صاحبزادہ منظر حسین نے کہا کہ صحافی کسی بھی معاشرے میں مسائل اجاگر کرنے اور مثبت کردار ادا کرنے میں نہایت اہمیت رکھتے ہیں۔ آج کے معلوماتی سیشن کا مقصد میڈیا کے توسط سے عوام میں شعور کی سطح کو بلند کرنا اور معاشرے کے کمزور طبقہ کی صلاحیتوں میں اضافہ کاری کرنا ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بہتر صورت میں نمٹا جاسکے۔ خصوصاً بچوں کو اس قابل بنایا جاسکے کہ وہ مشکوک اور خطرناک چیزوں سے دور رہیں تاکہ جانی نقصان اور معذوری سے محفوظ رہ سکیں۔ رضوان اعوان نے اس پروگرام کے حوالے سے مکمل آگاہی پر ایک معلوماتی سیشن دیا۔ پاکستان ریڈ کریسنٹ کے ڈسٹرکٹ سیکرٹری شفقت اللہ بلوچ، ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسر زاہد جمیل ملک، کمیونٹی بیسڈ رسک آوارنیسس اینڈ سیف بحویور کی ڈسٹرکٹ آفیسر سیدہ افشین زیدی، ایڈمن اینڈ فنانس آفیسر محمد سہیل شاہد بلوچ نے ھلال احمر پاکستان کے تحت ہونے والی رضاکارانہ خدمات اور پروگرامز کی اہمیت وافادیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ ھلال احمر پاکستان کے رضاکار ڈیرہ اسماعیل خان میں انسانی خدمت خلق کے لئے پیش پیش رہتے ہیں جبکہ ھلال احمر پاکستان عوام کو سہولیات بہم پہنچانے کے لئے اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ مقررین نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان سمیت خیبر پختونخوا کے متعدد اضلاع میں بارودی مواد کے نقصانات سے آگاہی کے حوالے سے ہلال احمر پاکستان شعور و آگاہی کیلئے مصروف کار ہے۔ بارودی مواد اور مشکوک اشیا کے بارے میں آگاہی انتہائی ضروری ہے کیونکہ اس حوالے سے معلومات کی کمی قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور عمر بھر کی معذوری کا سبب بن سکتی ہے۔ کسی نہ کسی علاقے میں کھیلتے بچوں کی اکثریت اس دھماکہ خیز مواد کا شکار بن کر اپنی جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں یا پھر عمر بھر کی معذوری کا شکار ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو تربیت دی جائے کہ مشکوک کھلونا نما چیز ملنے کی صورت میں اس کے ساتھ چھیڑ خانی اور کھیلنے سے گریز کریں۔ یہ مواد پریشر ککر، موبائل فون، ریڈیو، قلم، گڑیا اور گیند وغیرہ کی شکل میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی اس حوالے سے شعور کی بیداری کے ذریعے قیمتی جانیں بچانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہلال احمر ڈیرہ اسماعیل خان میں صحت عامہ، ایمرجنسی، ایمبولینس سروس، ابتدائی طبی امداد، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، معاشی ترقی، بارودی سرنگوں سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور متعدد یونین کونسلز میں اس بارے رضاکاروں کی بڑی تعداد انسانیت کی خدمت کے جذبہ کے تحت کام کر رہی ہے اور اس حوالے سے رضاکاروں کی تربیت کا عمل مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔ اس موقع پر ڈیرہ اسماعیل خان کے مقامی صحافیوں کا ایک گروپ تشکیل دیا گیا جس کے تحت وہ میڈیا میں ھلال احمر پاکستان کے پروگرامز اور آگاہی مہمات کو مقامی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے اپنی رضاکارانہ خدمات سرانجام دیں گے۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

ایچ بی ایل پی ایس ایل 11: 26 میچز کے بعد پوائنٹس ٹیبل نہایت دلچسپ مرحلے میں داخل

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 11 کے 26 میچز …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے