میرپورخاص (رپورٹ: ایم ہاشم شر) ڈویژنل کمشنر میرپورخاص عبدالوحید شیخ نے 11 اور 12 ربیع الاوّل کے حوالے سے کئے گئے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر میرپورخاص سید عطااللہ شاہ اور انچارج ایس ایس پی منظور کھوسو سے کمشنر ہاؤس میں اجلاس کیا۔ اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنے کیلئے سیکورٹی انتظامات کو مزید بہتر اور موئثر بنانے کیلئے پولیس سمیت دیگر سیکورٹی اداروں سے مدد لی جائے کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہ دی جائے باہرسے آنیوالوں اور جلوسوں پر خاص نظر رکھی جائے۔ 12ربیع الاوّل کے حوالے سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بروقت قانونی کاروائی کی جائے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے یقین دلایا کہ سیکورٹی انتظامات سمیت ہر طرف شرپسندوں پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ 11 اور 12 ربیع الاوّل عید میلادالنبیؐ پرامن ماحول میں منانے کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ اجلاس میں انچارج ایس ایس پی نے بتایا کہ سیکورٹی پلان کے تحت کام ہورہا ہے سیکورٹی انتظامات بہتر ہیں مانیٹرنگ کے کام کو موئثر بنایا گیا ہے میرپورخاص میں سیکورٹی کیلئے 3 ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے کمشنر کی ہدایت پر پولیس نفری میں مزید اضافہ کیا گیا ہے متعلقہ افسران اپنی اپنی ذمہ داریاں بہتر طریقے سے انجام دے رہے ہیں کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
![]()