ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان محمد عمیر نے کہا ہے کہ پولیو جیسے موذی مرض کا دنیا کے صرف دو ممالک میں رہ جانا ہمارے لیے ایک چیلنج کی صورت اختیار کر چکا ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم بحیثیت ایک قوم ملکر اس موذی مرض کے ہمیشہ کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج ورلڈ پولیو ڈے کے حوالے سے گومل یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کے دوران این سٹاپ آفیسر ڈاکٹر حفیظ اللہ نے شرکاء کو آج کے دن کی مناسبت سے پولیو جیسے موذی مرض کے بارے میں آگاہی دی۔ یونیورسٹی کے رجسٹرار طارق محمود نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلباء اپنا کردار ادا کرتے ہوئے اس مقصد کی تکمیل میں اپنا کردار ادا کریں اور معاشرے میں آگاہی پھیلائیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر طارق میانخیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا حکومت پولیو کے خاتمے کے لئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے تاہم عوام سے التماس ہے کہ اپنا کردار ادا کرتے ہوئے صحت محافظ ٹیموں سے تعاون کریں اور ہر مہم میں اپنے 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد عمیر نے طلباءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے اس دور میں صرف پاکستان اور افغانستان دو ممالک ہیں جن میں ابھی تک پولیو جیسے موذی مرض کا خاتمہ نہیں ہو پایا۔انہوں نے کہا کہ نوجوان اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرےں اور جن علاقوں میں لوگ پولیو ویکسین سے انکار کرتے ہیں انہیں مطمئن اور رضامند کرنے میں ہمارا ساتھ دیں۔ تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی اور پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے دعا کی گئی۔
![]()