لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ ہفتہ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان میں دس سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہونے کو ہے۔ لاہور میں بھی پاک سری لنکا میچ کی تیاریاں زوروشور سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں دونوں ٹیمیں لاہور پہنچ چکی ہیں اور آج سے قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس کا آغاز کریں گی۔ سری لنکن ٹیم کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے بھی سرفراز احمد قومی ٹیم کی قیادت کرینگے جبکہ مہمان سری لنکن ٹی ٹونٹی ٹیم کی قیادت داسن شناکا سرانجام دیں گے۔ مہمان ٹیم کیلئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ ٹی ٹونٹی سیریز میں کامیابی کے لئے دونوں ٹیمیں پرعزم ہیں۔ پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں پاکستان کے علیم ڈار اور احسن رضا آن فیلڈ امپائر، پاکستان کے ہی شوزاب رضا تھرڈ امپائر ہونگے جبکہ آسٹریلوی ڈیوڈ بون میچ ریفری کے فرائض سرانجام دینگے۔ لاہور میں کھیلے جانے والے تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا دوسرا میچ 7 اکتوبر کو کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ 9 اکتوبر کو کھیلا جائیگا۔ تینوں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچز نائٹ میں کھیلے جائیں گے۔
![]()