کراچی ( رپورٹ: ذیشان حسین) پولٹری صنعت میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور زندہ مرغی کی قیمت اب تک کی بلند ترین سطح 270 سے 280 روپے جبکہ چکن کے گوشت کی قیمت 480 سے 500 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ مرغی کی قیمتوں میں اس طرح اضافے نے گھر کے ماہانہ بجٹ پر کافی اثر ڈال دیا ہے جبکہ ریٹیلرز عاشورہ کے بعد شروع ہونے والے شادی کے سیزن کے باعث بڑھنے والی طلب کے مقابلے میں فارمز سے رسد میں کمی کو قیمتوں میں اضافے سے جوڑ رہے ہیں۔ چکن فروش کا کہنا تھا کہ ‘بڑی پولٹری فارمرز غیرمتوقع فائدہ اٹھانے کے لیے فراہمی کو روک رہے ہیں’، ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پنجاب میں بھی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ بغیر ہڈی کے چکن کے گوشت کی قیمت 650 سے 700 روپے فی کلو ہوگئی ہے جو بچھڑے کے بغیر ہڈی کے گوشت کی قیمت سے زیادہ ہے۔ کمشنر کراچی کی جانب سے جاری سرکاری نرخ میں مرغی کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں اور برائلر زندہ مرغی اور اس کے گوشت کی قیمت بالترتیب 250 روپے اور 388 روپے فی کلومقرر کی گئی ہے، تاہم ان قیمتوں کو پولٹری صنعت کی جانب سے غیر حقیقی سمجھا جارہا اور شہر کے کسی بھی حصے میں ان قیمتوں کا اطلاق نظر نہیں آتا۔