لاہور (سپورٹس ڈیسک) قومی ٹرائنگولر ایک روزہ خواتین چیمپئن شپ کے آخری لیگ میچ میں پی سی بی چیلنجرز نے پی سی بی ڈائنامائٹس کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میچ کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ لاہور جیمخانہ کلب گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں فاتح ٹیم نے 132 رنز کا ہدف 29 ویں اوورمیں حاصل کرلیا اس سے قبل پی سی بی چیلنجرز کی کپتان بسمعہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پی سی بی ڈائنامائٹس کی جانب سے ناہیدہ خان اور منیبہ علی نے ٹیم کو بہتر آغاز فراہم کیا تاہم مڈل آرڈر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکیں۔ 41 رنز کی اوپننگ شراکت کے باوجود پی سی بی ڈائنامائٹس کی پوری ٹیم 131 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ ثناء میر اور ندا ڈار سمیت 6 خواتین کرکٹرز ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکیں۔ پی سی بی چیلنجرز کی جانب سے سیدہ عروب شاہ نے 41 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ سعدیہ اقبال، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء اور صباء نذیر نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔ جواب میں پی سی بی چیلنجرز نے مطلوبہ ہدف 28.5 اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پرحاصل کرلیا۔ 132 رنز کے تعاقب میں فاتح ٹیم کا آغاز بھی کچھ زیادہ اچھا نہ تھا۔ دونوں اوپنرز 32 کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ گئیں۔ پہلی وکٹ 4، دوسری 32 اور تیسری 37 رنز پر گرنے کے بعد کپتان بسمعہ معروف نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ بسمعہ معروف نے سدرہ نواز کےساتھ 46 اور ارم جاوید کے ہمراہ 49 رنز کی شراکت قائم کی۔ بسمعہ معروف کے 55 اور ارم جاوید کے 31 رنز کی بدولت پی سی بی چیلنجرز نے مطلوبہ ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ دونوں کرکٹرز ناٹ آؤٹ رہیں۔ پی سی بی ڈائنامائٹس کی جانب سے کائنات امتیاز نے 2 جبکہ ماہم طارق اور انعم امین نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ میچ میں شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے پر سیدہ عروب شاہ کو پلیئر آف دی میچ کا انعام دیا گیا ایونٹ کا فائنل میچ 26 ستمبر کو پی سی بی بلاسٹرز اور پی سی بی چیلنجرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔
![]()