کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل ایجوکیشن کے قیام کے بعد جامعہ میں انسٹیٹیوٹس کی کل تعداد 9 ہوگئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر سید محمد طارق رفیع نے صحافیوں کو دیے گئے سالانہ افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 2012 سے لے کر اب تک 7 سال کی قلیل مدت میں یونیورسٹی اس مقام تک پہنچی ہے کہ آج جے ایس ایم یو میں 9 انسٹیٹیوٹس کام کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ایم فل پروگرام ملک میں پیتھولوجسٹس کی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا ہے تاکہ ملک میں قابل پیتھولوجسٹس کام کریں اور ہمارا مشن صوبہ سندھ کی صحت عامہ کے شعبے میں ترقی کا ہے اس ضمن میں ہم قابل ہیلتھ کیئر پروفیشنلز تیار کرنے میں ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہیں۔ وائس چانسلر نے بتایا کہ اس وقت جے ایس ایم یو میں انسٹیٹیوٹ آف فزیکل تھراپی اور ری ہیبی لی ٹیشن اور کالج آف نرسنگ پہلے ہی اپنا کام شروع کررہے ہیں جبکہ انسٹیٹیوٹ آف فیملی میڈیسن بھی جلد اپنا کام شروع کرنے والا ہے۔ علاوہ ازیں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کا ڈینٹل کا شعبہ اور ڈائیگناسٹک لائبریری بھی عوام الناس کی خدمت میں مصروف ہے۔ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے اگلے پانچ سال کے منصوبے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر طارق رفیع کا کہنا تھا کہ ہم حکومت سندھ کی ہدایات کے مطابق ننگر پارکر اور ڈیپلو ضلع کو درپیش صحت کے مسائل کے حل کا منصوبہ تیار کرچکے ہیں اور اس سلسلے میں جے ایس ایم یو کی ٹیم ان علاقوں کا دورہ بھی کرچکی ہے۔
![]()