ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) گرمی کے موسم کو بھول جائیں، مزید کئی روز کیلئے بارشوں کی پیشن گوئی، ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں منگل سے جمعہ تک گرج چمک کے ساتھ بارشیں اور ژالہ باری کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں بارشوں کا ایک نیا سلسلہ داخل ہونے والا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بارشوں کا نیا سلسلہ بلوچستان سے پاکستان میں داخل ہوگا۔ بارشوں کے اس سلسلے کے دوران منگل سے جمعہ تک مسلسل بارشیں اور ژالہ باری ہوگی۔ بتایا گیا ہے کہ بارشوں کے نئے سلسلے کے باعث پھر سے سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ جبکہ بارشوں کے اس سلسلے کے ملک بھر میں پھیل جانے کا بھی امکان ہے۔ اسی لیے متعلقہ اداروں کو ہنگامی طور پر الرٹ کر دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بارشوں کے نئے سلسلے کے ملک میں داخل ہونے کے بعد ڈیرہ اسماعیل خان سمیت بلوچستان، خیبر پختونخواہ، گلگلت بلتستان، کشمیر اور پنجاب کے کچھ علاقوں میں منگل سے جمعہ تک گرج چمک کے ساتھ بارشیں اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ اس تمام صورتحال میں کسانوں کو بر وقت فصل کاٹنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جبکہ سیاحوں کو شمالی علاقہ جات کا رخ کرنے سے گریز کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔
![]()