دبئی (سپورٹس ڈیسک) پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں عالمی چیمپئن آسٹریلیا نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی ہے۔ پاکستان کے 285 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کے لیے عثمان خواجہ اور ایرون فنچ نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 204 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی جس کے بعد عثمان خواجہ 88 رنز بنا کر یاسر شاہ کا شکار بنے، ایرون فنچ نے اپنی 13 ویں سنچری مکمل کی جس کے بعد میکسویل 19 رنز بنا کر رن آﺅٹ ہوئے۔ ایرون فنچ نے اس میچ میں بھی شاہینوں پر خوب ہاتھ صاف کیے اور 143 گیندوں پر 6 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 153 رنز بنائے۔ شارجہ میں کھیلے جارہے دوسرے ایک روزہ میچ میں قومی ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کے لیے امام الحق اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا تاہم امام الحق صفر کی خفت سے دوچار ہوکر رچرڈسن کی گیند پر بولڈ ہوئے، شان مسعود اور حارث سہیل نے دوسری وکٹ کے لیے 35 رنز جوڑے جس کے بعد شان مسعود 19 رنز بناکر رچرڈ سن کا دوسرا شکار بنے، حارث سہیل اور محمد رضوان نے تیسری وکٹ کے لیے 52 رنز جوڑے جس کے بعد حارث سہیل 34 رنز بنا کر فنچ کا شکار بن گئے۔ عمر اکمل ایک بار پھر لمبی باری کھیلنے میں ناکام رہے اور 16 رنز بنا کر لیون کا شکار بنے، شعیب ملک اور محمد رضوان نے پانچویں وکٹ کے لیے 127 رنز کی عمدہ شراکت داری قائم کی اور اس دوران انہوں نے اپنی کیریئر کی 44 ویں نصف سنچری اور رضوان نے پہلی سنچری بھی مکمل کی جس کے بعد شعیب ملک 60 رنز بنا کر زامپا کا شکار بنے، محمد رضوان 11 چوکوں کی مدد سے 115 رنز سکور کرکے کورٹنائل کی گیند پر میکسویل کے شاندار کیچ کے نتیجے میں پوویلین لوٹے، فہیم اشرف 14 رنز بنا کر کورٹنائل کا دوسرا شکار بنے، عماد وسیم 19 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے اور پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بناکر آسٹریلیا کو گزشتہ میچ کی طرح نسبتاً آسان ہدف دیا، آسٹریلیا کے رچرڈسن اور کورٹنائل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایڈم زامپا، لیون اور ایرون فنچ کے حصے میں 1 ،1 آسکی۔ شعیب ملک کا کہنا تھا کہ آج اچھی بیٹنگ اور باﺅلنگ کرکے میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔ پہلے میچ میں ٹیم کی بیٹنگ تو اچھی تھی لیکن باﺅلنگ کے شعبے میں نمایاں کارکردگی نہیں دکھا سکے تھے۔ واضح رہے پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 8 وکٹ کے شکست دی تھی۔
![]()