تازہ ترین
Home / اہم خبریں / ہم نیوز ایکشن کمیٹی کا اجلاس، جمعہ کو کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے کا اعلان

ہم نیوز ایکشن کمیٹی کا اجلاس، جمعہ کو کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے کا اعلان

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) ہم نیوز ایکشن کمیٹی نے صحافیوں کی جبری برطرفی کے خلاف جمعہ کو کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سیاسی و سماجی رہنماؤں اور کیبل آپریٹر ایسوسی ایشن کے ذمہ داران سے رابطوں کے لیے ایک ذیلی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ یہ فیصلے ایکشن کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں کیے گئے جو بدھ کو کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں لا ہور اور اسلام آباد سے ایکشن کمیٹی کے ارکان نے بذریعہ ٹیلی فون شرکت کی۔ اجلاس میں ہم ایکشن کمیٹی کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر غور کیا گیا۔ ارکان نے ایکشن کمیٹی کی جانب سے لیگل ایڈ کمیٹی کی تشکیل کے فیصلے کو سراہا اور کہا کہ اس اقدام سے جبری طور پر برطرف ہونے والے ملازمین کو ڈھارس ملی ہے۔ کمیٹی کے ارکان کو آگاہ کیا گیا کہ اب تک 80 سے زائد صحافیوں نے عدالت سے رجوع کرنے کے لیے لیگل ایڈ کمیٹی سے رابطہ کیا ہے۔ ان تمام صحافیوں کے معاملے کو وکلا کے سامنے رکھا جائے گا اور ان کو ہرممکن قانونی معاونت فراہم کی جائے گی۔ اجلاس کے شرکاء نے ہم نیوز ایکشن کمیٹی کی جانب سے پیر کو ہم نیوز کے دفتر کے باہر ہونے والے کامیاب احتجاجی مظاہرے پر صحافیوں سے اظہار تشکر کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جمعہ کو کراچی پریس کلب کے باہر ہم نیوز ایکشن کمیٹی کے تحت ہم نیوز انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ احتجاجی مظاہرے میں شرکت کے لیے صحافی تنظیموں سمیت سیاسی و سماجی رہنماؤں، سول سوسائٹی کے ارکان، وکلاء برادری اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو دعوت دی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہم نیوز سمیت دیگر میڈیا ہاؤسز سے صحافیوں کی جبری برطرفی کے معاملے پر سیاسی و سماجی رہنماؤں کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔ اس حوالے سے ایک تین رکنی ذیلی کمیٹی تشکیل دی گئی جو ان رہنماؤں سے ملاقات کرکے انہیں صحافیوں کے مسائل سے آگاہ کرے گی جبکہ ان کو جمعہ کو کراچی پریس کلب کے باہر ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی دعوت بھی دی جائے گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ احتجاج کے دائرے کو وسیع کرنے کے لیے کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے ذمہ داران سے بھی رابطہ کیا جائے اور ان سے اپیل کی جائے کہ وہ صحافیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے روزانہ پرائم ٹائم کے دوران ان اداروں کی نشریت کا بائیکاٹ کریں جو صحافیوں کو بے روزگار کررہے ہیں۔ اس ضمن میں ذیلی کمیٹی کے ارکان جلد کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے ذمہ داران سے ملاقات کریں گے۔ اجلاس میں شریک اسلام آباد اور لاہور سے تعلق رکھنے والے ارکان نے اس بات پر زور دیا کہ احتجاج کے دائرے کو اسلام آباد اور لاہور تک وسیع کیا جائے، جس پر کمیٹی نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ اس سلسلے میں جلد ہم نیوز ایکشن کمیٹی کے اہم ذ مہ دار اسلام آباد اور لاہور کا دورہ کرکے وہاں کے احتجاج کے انتظامات کو حتمی شکل دیں گے۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

کمالیہ شہر کے اندر پبلک ٹرانسپورٹ کی بندش کو ختم کیا جائے

    ملازمین نے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نام تحریری درخواست دے دی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے