کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) آل سندھ پیپلز پیرامیڈیکل اسٹاف ویلفیئر ایسوسی ایشن کراچی ڈویژن کے صدر نیاز احمد خاصخیلی نے کہا ہے کہ کراچی کے سرکاری ہسپتالوں اور طبی اداروں میں مریضوں کی دیکھ بھال اور ان کی رہنمائی کیلئے جیالوں کی بے نظیر خدمت فورس متعارف کررہے ہیں جس کا بنیادی مقصد وزارت صحت سندھ کی ہیلتھ کیئر پالیسی کو عملی طور پر کامیاب بنانا ہے ۔ اس مقصد کیلئے کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام کراچی کے چھ اضلاع میں 14 فروری تا 16 فروری کو پہلے مرحلے میں محکمہ صحت سندھ کے تربیت یافتہ نیم طبی کارکنوں کی رکنیت سازی کی گئی ہے جن کی مجموعی تعداد 7107 ہے۔ سول ہسپتال کراچی میں رکنیت سازی کے مرکزی کیمپ پر ڈویژنل جنرل سیکریٹری لالہ بابر خان، سیکریٹری اطلاعات عمانیوئل گل اور کراچی کے چھ اضلاع کے صدور ڈسٹرکٹ سینٹرل کے صدر وقار علی خان، جنرل سیکریٹری عبدالطیف، ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے صدر منہاج عباسی، جنرل سیکریٹری خان محمد، ڈسٹرکٹ ویسٹ کے صدر غلام علی میرانی، جنرل سیکریٹری شاہد جونیجو، ڈسٹرکٹ ملیر کے صدر عزیز شیخ، جنرل سیکریٹری علی محمد، ڈسٹرکٹ کورنگی کے صدر عبدالرزاق، جنرل سیکریٹری غلام شبیر، ڈسٹرکٹ ایسٹ کے صدر ساجد رحمن، جنرل سیکریٹری اسماعیل اعوان کے ہمراہ ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ نیاز احمد خاصخیلی نے کہا کہ قائد عوام سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو شہید نے پاکستان میں سب سے پہلے عوام کی خدمت کی سیاست کو متعارف کرایا جسے شہید رانی بینظیر بھٹو نے پروان چڑھایا اور اسی مشن کو آج بلاول بھٹو زرداری آگے بڑھارہے ہیں۔ یہ تاریخی حقیقت ناقابل تردید ہے کہ پاکستان کے چاروں صوبوں میں ہونے والے بڑے تدریسی اور جنرل ہسپتالوں کا جال بھٹو فیملی نے بچھایا ہے اور قومی سطح پر 80 فیصد ہیلتھ انفرااسٹرکچر بھی شہید بھٹو اور پی پی پی کا کریڈٹ ہے یہ اور بات ہے کہ ان منصوبوں کی تکمیل کی تختیاں کوئی اور لگاتے رہے ہیں تاریخ کو درست رکھنے کیلئے میں میڈیا کو بتانا چاہتا ہوں کہ بینظیر خدمت فورس کیلئے ضلع وسطی کراچی میں 731 ضلع جنوبی کراچی میں 789 ضلع غربی کراچی میں 817 ضلع ملیر کراچی میں 517 ضلع کورنگی کراچی میں 677 ضلع شرقی کراچی میں 610 محکمہ صحت کے پیرامیڈیکل اسٹاف نے رضاکارانہ طور پر اس رکنیت سازی کی تین روزہ مہم میں رکنیت اختیار کرکے کامیاب بنایا ہے جس کا تمام سہرا کراچی کے میرے ساتھیوں سمیت ضلعی عہدے داروں کے سرجاتا ہے میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور اب ان ہی اراکین میں سے سول ہسپتال سمیت کراچی کے تمام ہسپتالوں میں بے نظیر خدمت فورس کے رضاکاروں کی ٹیمیں نامزد کی جائیں گی۔ جو مریضوں کے ہسپتال میں داخلے سمیت ان کے علاج معالجہ اور ڈسچارج ہوکر گھر جانے کیلئے ضرورت پڑنے پر ایمبولینس کی فراہمی کو ممکن بنانے کے علاوہ دوران علاج ان کی تشخیص اور اداویہ کی فراہمی میں ان کی رہنمائی اور مدد میں پیش پیش رہیں گے اور لاوارث ضرورت مند مریضوں کو بے نظیر خدمت فورس کے کارکن خون کی ضرورت پڑنے پر خون بھی فراہم کریں گے۔ یہی وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوھو کا پیغام ہے جسے بھٹو کے جیالے انشاء اللہ آخری سانس تک عملی جامہ پہنانے کیلئے ہمہ وقت اپنا کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر سید منیر شاہ، طارق حسین منگی، عباس مہر، احسان کلہوڑو، ممتاز میمن، آفتاب قمبرانی و دیگر عہدیداران و کارکنان نے کثیر تعداد میں موجود تھے۔
![]()