کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) جی ڈی اے کے مرکزی رہنما اور پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے صدر پیر سید صدرالدین شاہ راشدی نے کہا ہے کہ زرداری لیگ کی سندھ حکومت نے عوام کو ناکامیوں اور مایوسیوں کے سوا کچھ نہیں دیا زرداری لیگ کی سندھ حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے جی ڈی اے کو مضبوط کرنا ہوگا آئندہ ماہ پندرہ مارچ تک جی ڈی اے کی تنظیم سازی کا کام مکمل کیا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جی ڈی اے کے سیکریٹری اطلاعات سردار رحیم ، ڈاکٹر صفدر عباسی اور آغا تیمور پٹھان سے ملاقات کے دوران کیا۔ پیر سید صدرالدین شاہ راشدی نے مزید کہا کہ زرداری لیگ کے تینوں ادوار میں حکمرانوں نے سندھ کے وسائل کو دونوں ہاتھوں سے انتہائی بے دردی سے لوٹا ہے اس وقت بھی کرپشن عروج پر ہے ملک کی موجودہ صورتحال اور اعلی عدالتوں کے فیصلوں نے سندھ کے غاصب حکمرانوں کو غیر یقینی کی صورتحال سے دوچار کردیا ہے اور ناعاقبت اندیش صوبائی حکمران خوف کا شکار ہیں انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے عوام کو ریلیف صرف اور صرف جی ڈی اے ہی دلا سکتی ہے جس کے لئے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کو مضبوط کیا جائیگا اور اسکی تنظیم سازی کا کام مکمل کیا جائیگا انہوں نے ہدایت کی کہ جی ڈی اے کی ضلعی تنظیم سازی آئندہ ماہ پندرہ مارچ تک مکمل جائے انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام بہت جلد بڑی خوشخبری سنیں گے ۔ پیر صدرالدین شاہ راشدی نے فنکشنل لیگ کے صوبائی جنرل سیکریٹری سردار رحیم کو خاص ہدایت کی کہ فنکشنل لیگ کی تنظیم سازی کا کام پورے سندھ میں دس مارچ تک مکمل کیا جائے۔ صوبائی صدر نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ فنکشنل مسلم لیگ کے کارکنان تنظیم سازی کے کام میں گہری دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں۔
![]()