گجرات (رپورٹ: مرزا عادل رحمان) گجرات پولیس نے گزشتہ سال 4803 مجرمان اشتہاری، 68 منظم گینگز کے 236 خطرناک ڈکیت گرفتارکئے جن سے ساڑھے چار کروڑ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کرکے اصل مالکان کے حوالے کیا گیا، منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن کرکے 7424 بوتل شراب اور 344 کلو گرام چرس برآمد کرکے 1261 مقدمات درج کئے گئے، اسلحہ برداروں سے 68 کلاشنکوف، 167رائفل، 930 پسٹل برآمد کرکے 1114 مقدمات درج کئے گئے، تفصیلات کے مطابق گجرات پولیس نے گزشہ سال مجرمان اشتہاریوں، چوروں، ڈاکوؤں کے منظم گینگز، منشیات فروشوں اور اسلحہ برداروں کے خلاف منظم آپریشن کئے، پولیس کی دن رات محنت اور موثر حکمت عملی کی بدولت جرائم پیشہ افراد کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئیں۔ ڈی پی او گجرات سید علی محسن کاظمی نے ضلع کی کمان سنبھال کر جرائم پیشہ افراد کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر کے امن و امان کی فضاء کو مزید بہتر کیا جس کے اعتراف میں ضلع کی تاجر برادری نے چیمبر آف کامرس میں پروقار تقریب کا اہتمام کرکے ڈی پی او گجرات کی سربراہی میں بہترین کارکردگی کے حامل افسران و جوانوں کو سرٹیفکیٹس اور شیلڈر پیش کیں اور گجرات پولیس پر اپنے بھرپور اعتمار کو اظہار کیا۔ سال 2018 میں گجرات پولیس نے ضلع کے مختلف علاقوں میں سرگرم 68 منظم گینگز کے 236 کارندوں کو گرفتار کیا، جن سے ساڑھے چار کروڑ روپے مال مسروقہ برآمد کرکے اصل مالکان کے حوالے کیا گیا اور 398 مقدمات ٹریس کئے۔ مجرمان اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں گئیں جنہوں نے جدید سائنسی ٹیکنالوجی اور محکمانہ صلاحیتوں کو بروئے کا ر لاتے ہوئے کل 4803 خطرناک مجرمان اشتہاری گرفتار کئے جن میں سے سنگین مقدمات کے 1350 اشتہاری، کیٹیگری بی کے 3453 اشتہاری جبکہ 2183 عدالتی مفرور بھی گرفتار کئے، ہیڈ منی کے دو خطرناک مجرمان اشتہاریوں سمیت بیرون ممالک فرار متعدد مجرمان اشتہاریوں کو انٹرپول کی مدد سے گرفتار کیا۔ منشیات فروشوں کے خلاف موثر کارروائیاں کرکے 7424 بوتل شراب، 344 کلو گرام چرس، 5 کلو گرام ہیروئن، 500 کلو گرام بھنگ برآمد کی گئی جبکہ 164 شرابیوں کو غل غباڑہ کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے کل 1261 مقدمات درج کئے گئے۔ ضلع سے اسلحہ کلچر کے مکمل خاتمہ کیلئے اسلحہ برداروں اور اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کے خلاف بھر پور کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔اسلحہ برداروں کے خلاف 1114 مقدمات درج کرکے 68 کلاشنکوف، 167رائفل و بندوقیں، 930 پسٹل، ریوالور سمیت 25 ہزار راؤنڈ برآمد کئے گئے۔ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے پولیس افسران کو انعامات سے نوازا گیا جبکہ کرپٹ اہلکاروں کو کڑی سزائیں دی گئیں۔ اس کے علاوہ ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور تمام تحصیل لیول ہسپتالوں میں پولیس خدمت کاؤنٹرز قائم کئے گئے، پولیس خدمت مراکز کو بھی مزید بہتر بنایا گیا۔ پولیس تفتیش کے معیار کو بہتر بنانے اور رویے میں بہتری کیلئے پولیس لائنز میں تربیتی کورسز کروائے گئے۔ کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دیتے ہوئے مصالحتی کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا گیا اور ضلع بھر کے دیہی علاقوں میں ٹھیکری پہرہ کو فعال کیا گیا۔ ڈی پی او گجرات سید علی محسن کاظمی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سال نو میں بھی گجرات پولیس کی مجرمان اشتہاریوں، چورو ں و ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔
![]()