کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں نواسہ رسول صلى الله عليه وسلم اور ان کے رفقاکی بیش بہا قربانیوں کی یاد میں یوم حسین منایا گیا۔ تقریب میں رکن سندھ اسمبلی شہلا رضا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ دیگر مقررین میں، علما اہل سنت فیصل عزیزی اور مولانا صادق رضا تقوی بھی شریک تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر برائے ترقی نسواں شہلا رضا کا کہنا تھا اس دنیا میں جو لوگ حق کے راستے پر چلتے ہیں انکو کچھ مصیبتوں کا سامنا تو کرنا پڑتا ہے لیکن ان کی موت حق کی موت اور ان کی زندگی حق کی زندگی کہلاتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا ہم سب کو حق کیلیے اپنی آواز ضرور بلند کرنی چاہیے چاہے اس کے لیے کسی بھی حد تک جانا کیوں نہ پڑے۔ یوم حسین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا صادق رضا تقوی کا کہنا تھا کہ یوم حسین کوئی ایک دن یا مہینے کا نام نہیں یوم حسین ایک حقیقت کو سمجھتے ہوئے زیر بحث لانے اور یاد کر نے کا نام ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہونے والی ریاست ہے تاہم گئی گزری مذہبی سوچ رکھنے والوں نے اسے فرقوں کے نام پر تقسیم کیا ہوا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عالم اہل سنت مولانا فیصل عزیز ی کا کہنا تھا کہ واقعہ کربلا کے بعد بی بی ذینب اور دیگر خواتین کا کردار آج کی خواتین کے لیے بھی مشعل راہ ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر لبنی ٰ بیگ نے کہا کہ مذہب اسلام کی بقا کے لیے اہل بیت اطہار کی قربانیاں بے مثال ہیں۔
![]()