کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے سیکریٹری رؤوف ناگوری نے ہاکی کی بحالی کے لیے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن (کے ایچ اے) کے ساتھ بھرپور تعاون اور قدم بہ قدم چلنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی کھیل کی ترقی کے لیے کے ایچ اے کی گراس روٹ سطح پر کی جانے والی کاوشیں پورے پاکستان کے لیے قابلِ تقلید مثال ہیں۔
یہ بات انہوں نے اولمپئن حنیف خان اور ڈاکٹر جنید علی شاہ اسپورٹس کمپلیکس میں کے ایچ اے بوائز اور کے ایچ اے گرلز ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے نمائشی میچ کے موقع پر کہی۔ میچ میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل پیش کیا اور مقررہ وقت کے اختتام پر مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر رہا۔
میچ کے بعد منعقدہ تقریبِ تقسیم انعامات میں ممبر قومی اسمبلی اور چیئرپرسن کے ایچ اے ویمن ونگ سیدہ شہلا رضا نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر اولمپئنز افتخار سید، حنیف خان، ناصر علی، وسیم فیروز، انٹرنیشنل ہاکی پلیئرز نعیم احمد اور زاہد مقبول، چیئرمین کے ایچ اے گلفراز خان، سینئر نائب صدور ڈاکٹر ایس ماجد، اعجازالدین اور صغیر حسین، جاوید اقبال سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
رؤوف ناگوری نے کہا کہ کے ایچ اے اکیڈمی شہر کے مرکزی مقام پر قائم ہے اور ہاکی کی بحالی کے لیے اس کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔ پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن قومی کھیل کی ترقی کے لیے کے ایچ اے کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
اس موقع پر سیدہ شہلا رضا نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو ہاکی کی مفت تربیت کے لیے کے ایچ اے اکیڈمی بھیجیں۔ انہوں نے کہا کہ اکیڈمی کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں جہاں سابق اولمپئنز اور انٹرنیشنل ہاکی پلیئرز بچوں کو بلا معاوضہ معیاری تربیت فراہم کر رہے ہیں۔