کراچی، (اسپورٹس رپورٹر ) پاکستان وہیل چیئر کرکٹ کونسل (PWCC) نے رواں سال کے کیلنڈر میں ایک اور قومی ڈومیسٹک ایونٹ شامل کرنے کا اعلان کر دیا ہے اس ایونٹ کی باضابطہ منظوری صدر پی ڈبلیو سی سی رخسانہ راجپوت نے دی ہے۔ پریزیڈنٹ کپ کے نام سے شروع کیا جانے والا یہ ٹورنامنٹ وہیل چیئر کرکٹ کے قومی ڈومیسٹک سرکل میں ایک خوش آئند اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔
پریزیڈنٹ کپ میں ملک کے ٹاپ آٹھ ریجنز کی ٹیمیں شرکت کریں گی جبکہ ہر ایڈیشن میں تمام 16 ریجنز کو موقع فراہم کیا جائے گا اس اقدام کا مقصد ملک میں وہیل چیئر کرکٹ کو مزید فروغ دینا اور نئے باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی سطح پر متعارف کرانا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ پر مشتمل پریزیڈنٹ کپ کا پہلا ایڈیشن اسی سال منعقد ہونے کا امکان ہے، جس کی میزبانی ممکنہ طور پر لاہور یا کراچی کو دی جائے گی ابتدائی ایڈیشن میں کراچی، حیدرآباد، کوئٹہ، پشاور، فیصل آباد، ملتان، لاہور اور ایبٹ آباد کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
پی ڈبلیو سی سی کے اس اقدام کے بعد پاکستان میں وہیل چیئر کرکٹ کے تین بڑے قومی ڈومیسٹک ایونٹس پاکستان چیمپئنز لیگ، قائد اعظم ٹرافی اور پریزیڈنٹ کپ ہوں گے پریزیڈنٹ کپ کا پہلا ایڈیشن اکتوبر یا نومبر میں شیڈول کیا گیا ہے جبکہ حتمی تاریخوں کا اعلان بین الاقوامی ایونٹس کے شیڈول کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔