کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر)
پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈ ون کے چوتھے راؤنڈ میں فرسٹ کلاس کرکٹ کی تاریخ کا ایک یادگار ریکارڈ قائم ہو گیا، جب پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) نے نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کے خلاف صرف 40 رنز کے ہدف کا کامیاب دفاع کرتے ہوئے دو رنز سے سنسنی خیز فتح حاصل کی۔
پی ٹی وی کی اس تاریخی کامیابی میں بائیں ہاتھ کے اسپنر علی عثمان اور دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر عماد بٹ نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ دونوں بولرز نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے ایس این جی پی ایل کی پوری ٹیم کو 19.4 اوورز میں محض 37 رنز پر آؤٹ کر دیا، جو فرسٹ کلاس کرکٹ میں کامیابی سے دفاع کیا جانے والا اب تک کا سب سے کم مجموعہ ہے۔
علی عثمان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں اور میچ میں مجموعی طور پر 10 کھلاڑی آؤٹ کر کے کیریئر کی بہترین کارکردگی دکھائی۔ عماد بٹ نے بھی 28 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں اور آل راؤنڈ کارکردگی سے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
اس سے قبل پی ٹی وی اپنی دوسری اننگز میں 99 رنز پانچ وکٹوں کے نقصان پر کھیل کا آغاز کرنے کے بعد 111 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔ ایس این جی پی ایل کے شہزاد گل نے شاندار فارم کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے 28 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں، جو چار اننگز میں ان کی تیسری پانچ وکٹوں کی کارکردگی تھی۔
40 رنز کے تعاقب میں ایس این جی پی ایل کی بیٹنگ ابتدا ہی سے دباؤ کا شکار رہی اور ایک موقع پر اسکور 22 رنز پر سات وکٹیں ہو گیا۔ سیف اللہ بنگش نے 14 رنز بنا کر مختصر مزاحمت کی، تاہم علی عثمان اور عماد بٹ نے جلد ہی میچ کا فیصلہ پی ٹی وی کے حق میں کر دیا۔
علی عثمان کو شاندار میچ وننگ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔