Home / اہم خبریں / سکھر آرٹس کونسل میں 10 روزہ تھیٹر فیسٹیول کا آغاز، سندھ کے دیگر شہروں تک توسیع کا بھی اعلان

سکھر آرٹس کونسل میں 10 روزہ تھیٹر فیسٹیول کا آغاز، سندھ کے دیگر شہروں تک توسیع کا بھی اعلان

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام سکھر آرٹس کونسل میں 10 روزہ تھیٹر فیسٹیول کا آغاز ہوگیا۔ افتتاحی تقریب میں لوک ورثہ کمیٹی کے چیئرمین اور گورننگ باڈی کے رکن ڈاکٹر ایوب شیخ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ یہ فیسٹیول 21 اگست سے شروع ہو کر 30 اگست 2025ء تک جاری رہے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ایوب شیخ نے کہا کہ پاکستان کی ثقافت اور فنون لطیفہ قومی یکجہتی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ سندھ میں قیامِ پاکستان سے قبل اور بعد میں تھیٹر اور ناٹک منڈلیوں نے نئے فنکار پیدا کیے جن میں امر جلیل، مصطفیٰ قریشی، محمد علی اور طلعت حسین جیسے عظیم نام شامل ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ سکھر کے بعد اسی نوعیت کے تھیٹر فیسٹیول حیدرآباد، خیرپور میرس اور قمبر شہداد کوٹ میں بھی منعقد کیے جائیں گے، جبکہ سندھ بھر کے آرٹس کونسلز کے صدور اور منتظمین کا صوبائی اجلاس ستمبر کے آخر میں آرٹس کونسل کراچی میں ہوگا۔

فیسٹیول کے پہلے روز سلیم راجا کی ہدایت میں پیش کیے گئے اردو ڈرامے ”بدصورت“ کو شائقین نے بے حد پسند کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر ایوب شیخ نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنی اولاد سے روزانہ بات کریں اور ان کی تعلیم و تربیت پر توجہ دیں تاکہ معاشرے کو نشہ آور اشیا اور گٹکے، مین پوری جیسی برائیوں سے بچایا جا سکے۔

سکھر آرٹس کونسل کے صدر ممتاز بخاری نے کہا کہ یہ فیسٹیول صدر آرٹس کونسل کراچی محمد احمد شاہ کی دلچسپی اور تعاون سے تیسری بار ممکن ہوا ہے۔

فیسٹیول میں ہر روز شام ساڑھے سات بجے مختلف ڈرامے پیش کیے جائیں گے جن میں اکین جی آس، سچ وڈو ڈوھاری آھیی، رامکلی، فون کال (اردو)، پلیٹ فارم، غلط فہمی (اردو)، شعور جی گولھا، ھک رات جی محبت اور مصور (اردو) شامل ہیں۔

About Dr.Ghulam Murtaza

یہ بھی پڑھیں

قلندرز کی دھماکہ خیز فتح، زلمی کی فتوحات کا سلسلہ تھم گیا

لاہور، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) ایچ بی ایل پی ایس ایل کے اہم مقابلے میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے