کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) سندھ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن (ایس پی آر اے) کے موجودہ عہدیداران کو آئندہ دو سالہ مدت 2026 اور 2027 کے لیے دوبارہ منتخب کرلیا گیا یہ فیصلہ ایس پی آر اے کے آئین و قواعد کے مطابق جنرل کونسل کے متفقہ فیصلے کے تحت کیا گیا۔
ایسوسی ایشن کا سالانہ عام اجلاس 28 اکتوبر کو کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا، جس میں 92 فیصد سے زائد ارکان شریک ہوئے اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت خزانچی وکیل راؤ نے حاصل کی جبکہ کارروائی کی نظامت جنرل سیکریٹری اکرم بلوچ نے کی۔
جوائنٹ سیکریٹری ارباب علی چانڈیو نے ایسوسی ایشن کی گزشتہ دو سالہ کارکردگی پر تفصیلی رپورٹ پیش کی، جسے ارکان نے بھرپور سراہا اس موقع پر منیر ساقی، فقیر سلیم، شبیر لاشاری، اقتدار انور اور عاطف حسین سمیت دیگر ارکان نے موجودہ باڈی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تجویز دی کہ انہیں آئندہ دو سال کے لیے برقرار رکھا جائے۔
قرارداد رائے شماری کے ذریعے منظور کی گئی، جس کے بعد ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔
نتیجتاً صدر کامران رضی، نائب صدر حمید سومرو، جنرل سیکریٹری اکرم بلوچ، جوائنٹ سیکریٹری ارباب چانڈیو، سیکریٹری اطلاعات دودو چانڈیو، خزانچی وکیل راؤ اور آفس سیکریٹری سنجے سادھوانی کو دسمبر 2027 تک کے لیے باضابطہ طور پر منتخب قرار دیا گیا۔
انتخاب کے بعد صدر کامران رضی نے تمام ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ایس پی آر اے جلد ممبران کے لیے ہیلتھ انشورنس اسکیم کا آغاز کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ نومبر میں سالانہ پکنک اور نئے ممبرشپ کارڈز کے اجرا کا عمل بھی شروع کیا جائے گا۔
اجلاس میں مرحوم سینئر پارلیمانی رپورٹرز گلشن شیخ اور خاور حسین کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے متفقہ قرارداد منظور کی گئی تقریب کے اختتام پر ارکان کے لیے پُرتکلف عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا۔