/ کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) شاہین شاہ آفریدی کی شاندار تین وکٹیں، حسین طلعت کی آل راؤنڈ کارکردگی (دو وکٹیں اور ناقابلِ شکست 32 رنز) اور محمد نواز کی جارحانہ 38 رنز کی اننگز کی بدولت پاکستان نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں سری لنکا کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان نے 134 رنز کا ہدف 18ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے صاحبزادہ فرحان اور فخر زمان کے درمیان 45 رنز کی شراکت سے اننگز کا آغاز کیا، تاہم دونوں کھلاڑی پاور پلے کے اختتام پر تھیکشنا کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔ ساٸم ایوب اور کپتان سلمان آغا بھی ہسارنگا کا شکار بنے تو اسکور 57 پر چار وکٹیں گر چکی تھیں۔ اس موقع پر حسین طلعت اور محمد نواز نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور چھٹی وکٹ پر 58 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کی۔ نواز نے اختتامی لمحات میں چمیرا کو ایک اوور میں تین چھکے لگا کر میچ کا فیصلہ کردیا۔
اس سے قبل سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے۔ شاہین شاہ آفریدی نے ابتدائی اوور میں کوسل مینڈس کو صفر پر آؤٹ کیا اور پھر پاتھم نسانکا کو بھی چلتا کیا۔ پاور پلے میں سری لنکا تین وکٹیں گنوا بیٹھا۔ حسین طلعت نے اگلے ہی اوور میں کپتان چرِتھ اسالانکا اور داسن شناکا کو مسلسل گیندوں پر آؤٹ کرکے سری لنکن بیٹنگ لائن کو مزید دباؤ میں ڈال دیا۔
کمنڈو مینڈس نے نصف سنچری اسکور کر کے کچھ مزاحمت کی مگر دوسرے اینڈ پر وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور سری لنکا 133 رنز تک محدود ہوگیا۔ پاکستان کی جانب سے شاہین نے 28 رنز کے عوض تین وکٹیں، حسین طلعت نے دو وکٹیں اور حارث رؤف نے بھی دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔ حسین طلعت کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔