Home / اہم خبریں / آرٹس کونسل کراچی میں اٹھارہویں عالمی اردو کانفرنس 2025 کا شاندار آغاز، “جشنِ پاکستان” کی گونج

آرٹس کونسل کراچی میں اٹھارہویں عالمی اردو کانفرنس 2025 کا شاندار آغاز، “جشنِ پاکستان” کی گونج

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/ اسٹاف رپورٹر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام چار روزہ “اٹھارہویں عالمی اردو کانفرنس 2025 جشنِ پاکستان” کا شاندار اور رنگا رنگ آغاز ہوگیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری تھے جبکہ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور قومی ترانے سے ہوا، اس کے بعد عالمی اردو کانفرنس پر بنائی گئی شو ریل پیش کی گئی۔ کانفرنس میں نوجوان طلبہ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد شریک ہوئی، اس موقع پر قائداعظم محمد علی جناح کی سالگرہ اور کرسمس کا کیک بھی کاٹا گیا۔

افتتاحی خطاب میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ یہ ملک ٹوٹی ہوئی لڑی کی طرح بکھرا ہوا ہے اور ہمیں سب کو جوڑنے کی ضرورت ہے، مجھے خوشی ہے کہ عالمی اردو کانفرنس نے یہ کام شروع کیا ہے۔ انہوں نے اردو کو رابطے کی زبان قرار دیتے ہوئے کہا کہ زندہ معاشروں میں ڈاکٹر اور انجینئر کے ساتھ ادیب، شاعر اور فنکار بھی ناگزیر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل نے ثقافت کے ذریعے لوگوں کو جوڑنے کا مؤثر کردار ادا کیا ہے اور احمد شاہ نے اٹھارہ برسوں میں اس کانفرنس کو ایک مضبوط عالمی ایونٹ بنا دیا ہے۔

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے خطبۂ استقبالیہ میں کہا کہ عالمی اردو کانفرنس ادب، ثقافت اور فنونِ لطیفہ کی ایک کہکشاں ہے جہاں اپنے حصے کا کام کرکے دنیا سے رخصت ہونے والے اکابرین کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ معروف شاعر افتخار عارف نے کہا کہ آرٹس کونسل اردو سمیت پاکستان کی تمام زبانوں کو یکجا کرتی ہے اور زبانوں کے درمیان مکالمہ ہماری سب سے بڑی ضرورت ہے۔ معروف ادیب و نقاد ناصر عباس نیئر نے اپنے کلیدی خطبے میں کہا کہ ادب اور فنون نئے مکالماتی فضا تخلیق کرتے ہیں اور عالمی سطح پر رابطے کے لیے ایسی ثقافتی کانفرنسوں کی اشد ضرورت ہے۔

About Dr.Ghulam Murtaza

یہ بھی پڑھیں

آج ٹی وی میں تنخواہوں کی تاخیر، کے یو جے دستور کا اظہارِ تشویش

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) نے آج ٹی وی میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے