کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) عالمی بینائی کے دن کے موقع پر وزیراعلیٰ ہاؤس میں لیٹننٹ رفاہی بینک ٹرسٹ (ایل آر بی ٹی) کے تعاون سے مفت آنکھوں کے معائنے اور علاج کا کیمپ منعقد کیا گیا۔ کیمپ کا افتتاح وزیراعلیٰ سندھ کے سیکریٹری عبدالرحیم شیخ نے کیا، جبکہ اس موقع پر وزیراعلیٰ ہاؤس کے افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ سینئر ڈاکٹر مکیش کمار نے شرکا کو آنکھوں کی صحت، احتیاطی تدابیر اور بروقت معائنے کی اہمیت پر بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ آنکھیں قدرت کی انمول نعمت ہیں، ان کی حفاظت اور دیکھ بھال ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنکھوں کی صحت کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنا خوش آئند قدم ہے، کیونکہ آنکھوں کی صحت کو نظرانداز کرنا اپنی زندگی کو دھندلا دینے کے مترادف ہے۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ سندھ حکومت عوامی صحت کے منصوبوں میں ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی اور بینائی کی حفاظت کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی آگاہی مہمات صحت مند معاشرے کی بنیاد ہیں اور حکومت سندھ اس ضمن میں مثبت اقدامات کو بھرپور سپورٹ دے رہی ہے۔
سیکریٹری ٹو سی ایم عبدالرحیم شیخ نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر “روشن نظر، روشن مستقبل” کے عنوان سے آنکھوں کا یہ کیمپ منعقد کیا گیا ہے۔ انہوں نے ایل آر بی ٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ بینائی کی بحالی میں نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے اور حکومت سندھ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی حمایت آئندہ بھی جاری رکھے گی۔