Home / اہم خبریں / قذافی اسٹیڈیم ٹیسٹ: اسپنرز کا راج، جنوبی افریقہ 162 رنز کے خسارے میں

قذافی اسٹیڈیم ٹیسٹ: اسپنرز کا راج، جنوبی افریقہ 162 رنز کے خسارے میں

لاہور/کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز اسپنرز نے میچ پر گرفت مضبوط کرلی۔ مہمان ٹیم نے دن کے اختتام پر اپنی پہلی اننگز میں 216 رنز بنائے اور اس کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔ جنوبی افریقہ کو اب بھی پاکستان کے اسکور کے مقابلے میں 162 رنز کا خسارہ ہے۔

پاکستان کے 378 رنز کے جواب میں جنوبی افریقہ کے اوپنرز نے محتاط آغاز کیا، تاہم کپتان ایڈن مارکرم 12ویں اوور میں 20 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، جب کہ وِیان مُلڈر بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔ دو وکٹوں کے نقصان کے بعد رائن رِکلیٹن اور ٹونی ڈے زورزی نے 94 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو سہارا دیا۔ رِکلیٹن نے 71 رنز کی اننگز کھیلی مگر سلمان علی آغا نے انہیں آؤٹ کر کے پارٹنرشپ کا خاتمہ کیا۔ اس کے بعد جنوبی افریقہ کی بیٹنگ لائن دباؤ میں آگئی اور ٹیم 200 رنز پر 6 وکٹیں گنوا چکی تھی۔

دن کے اختتام پر ٹونی ڈے زورزی 81 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ ان کی اننگز میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں اور حریف بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔

اس سے قبل پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز 313 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے کیا۔ محمد رضوان 75 رنز بنا کر سینوران متھوسامی کا شکار بنے۔ اسی اوور میں متھوسامی نے نعمان علی، ساجد خان اور بعد ازاں شاہین شاہ آفریدی کو آؤٹ کر کے 117 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔ سلمان علی آغا 93 رنز بنا کر بدقسمتی سے اپنی چوتھی ٹیسٹ سنچری سے محروم رہے۔ پاکستان کی پوری ٹیم 110.4 اوورز میں 378 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔

About Dr.Ghulam Murtaza

یہ بھی پڑھیں

کراچی ورلڈ بک فیئر 2025 میں 325 سے زائد اسٹالز، پانچ لاکھ سے زائد زائرین کی متوقع آمد

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) کراچی ورلڈ بک فیئر (کے ڈبلیو بی ایف) کی منیجنگ کمیٹی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے