کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) پی سی بی کی ہدایت پر ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی زون ٹو کے زیراہتمام جاری پروفیسر اعجاز فاروقی 20/T انٹرکلب کرکٹ ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنلز مکمل ہوگئے، جن میں داؤد اسپورٹس اور گلشنِ معمار کرکٹ کلب نے اپنے حریفوں کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔
ٹی ایم سی گراونڈ پر کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں داؤد اسپورٹس نے لاروش کرکٹ کلب کو 73 رنز سے ہرا دیا۔ داؤد اسپورٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں پانچ وکٹوں پر 260 رنز بنائے۔ ذاکر ملک نے 31 گیندوں پر 81، وہاج ریاض نے 58، نور ولی نے 50 اور سہیل خان نے 40 رنز کی شاندار اننگز کھیلیں۔ جواب میں لاروش کلب 20 اوورز میں چھ وکٹوں پر 187 رنز بنا سکی۔ علی حسن نے 56 اور عادل علی نے 35 رنز بنائے۔ داؤد اسپورٹس کے طحہٰ وقار نے دو جبکہ وہاج ریاض، جواد احمد اور فائق رضا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسرے سیمی فائنل میں گلشنِ معمار کرکٹ کلب نے منصورہ اسپورٹس کو سات وکٹوں سے شکست دی۔ منصورہ اسپورٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے 20 اوورز میں 169 رنز بنائے، احمد الطاف اور مطیع الرحمٰن نے 35، 35 رنز اسکور کیے۔ جواب میں گلشنِ معمار کلب نے ہدف 18.5 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ عمر فاروق نے ناقابلِ شکست 73، شاہد علی نے 58 اور سید عبدالوکیل نے 29 رنز بنائے۔ فائنل میں اب داؤد اسپورٹس اور گلشنِ معمار کرکٹ کلب آمنے سامنے ہوں گے۔