کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) سنو نیوز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کراچی پریس کلب سپر سکسز کرکٹ ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا فائنل میں سنو نیوز نے ڈان نیوز کو یکطرفہ مقابلے میں چار وکٹوں سے شکست دے کر ٹرافی جیت لی۔
ڈان نیوز کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 34 رنز کا ہدف دیا، جو سنو نیوز نے صرف دو اوورز میں بآسانی حاصل کرلیا فائنل میں کورٹ رپورٹر جنید شاہ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چار شاندار چھکے لگا کر ٹیم کی فتح یقینی بنادی۔
بولنگ میں ایجوکیشن رپورٹر رائو افنان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، جس نے جیت کی بنیاد رکھی ٹیم کے کپتان اور اسپورٹس رپورٹر زاہد غفار نے آل راؤنڈ کارکردگی سے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
سینیئر رپورٹر ارشاد سنجرانی اور سہیل رب خان نے بھی نمایاں کارکردگی دکھائی، جبکہ شاہ میر خان نے نپی تلی بولنگ سے حریف ٹیم کو دباؤ میں رکھا۔
سنو نیوز کی ٹیم پورے ٹورنامنٹ کے دوران ناقابلِ شکست رہی اور پانچوں میچوں میں کامیابی حاصل کی ٹیم نے راستے میں غیر ملکی میڈیا، جیو ڈیجیٹل، جیو نیوز، فوٹوگرافرز الیون اور آخر میں ڈان نیوز کو شکست دی۔
فائنل کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جنید شاہ کو دیا گیا، جبکہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز رائو افنان کے نام رہا۔ وننگ ٹرافی اور نقد انعامات دینے کی تقریب جلد منعقد کی جائے گی۔