اسلام آباد (بیورو رپورٹ) بھارتی حکومت نے بالآخر کرتار پور راہداری 19 نومبر سے کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کےسکھ ارکان پارلیمنٹ نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے کرتار پور راہداری کھولنے کی درخواست کی تھی۔ واضح رہے کہ بھارت نے کورونا کو وجہ بتاکر 16 مارچ 2020 کو کرتار پور راہداری بند کر دی تھی۔ ذرائع کے مطابق بھارت میں سکھوں کی تمام تنظیموں نے بھی راہداری کھولنے کے لیے دباؤ ڈالا تھا جس کے بعد بھارتی حکومت نے بابا گورو نانک کی 552 ویں سالگرہ پر کرتار پور راہداری کھولنےکا اعلان کردیا۔ سربراہ پاکستان متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر عامر نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ انہیں بھارت کی جانب سے کرتار پور راہداری 19 نومبر کو کھولنے کے غیر سرکاری انتظامات کا علم ہے، تاہم بھارت کی طرف سے پاکستان کو سرکاری طورپر تاحال مطلع نہیں کیا گیا۔